بلوچستان سے آزاد امیدوار بی اے پی میں شامل

بلوچستان سے آزاد امیدوار بی اے پی میں شامل | urduhumnews.wpengine.com

کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے حلقہ پی بی آٹھ سے کامیاب امیدوار عبدالرحمان کھیتران نے بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) میں شمولیت کا اعلان کیا ہے جس کے بعد صوبے میں حکومت سازی میں مصروف جماعت کی پوزیشن مزید بہتر ہو گئی ہے۔

کوئٹہ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے صدر جام کمال کے ساتھ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عبدالرحمان کیتھران نے کہا کہ حلقے کے ووٹروں سے مشاورت کے بعد ہی بی اے پی میں شامل ہوا ہوں۔

بی اے پی کے صدر جام کمال نے کہاکہ وقت آگیا ہے کہ منتخب نمائندے بلوچستان کے عوام کے حقوق کے لئے کام کریں۔

انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں بھی ہم نے تمام جماعتوں کے سامنے بلوچستان کی خوشحالی کا ایجنڈا رکھا ہے۔ اب موقع ہے کہ وفاق کے ساتھ مل کر بلوچستان کو آگے بڑھایا جائے۔

جام کمال کا کہنا تھا کہ حکومت سازی میں کوئی ڈیڈ لاک نہیں ہے ہم نے وفاق میں عمران خان کی حمایت کی ہے جب کہ صوبے میں وہ ہماری حمایت کی یقین دہانی کرا چکے ہیں۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات میں بلوچستان عوامی پارٹی صوبائی اسمبلی میں اکثریتی جماعت کے طور پر سامنے آکر حکومت سازی کے عمل میں مصروف ہے۔ نشستوں کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر آنے والی بلوچستان نیشنل پارٹی کی پوزیشن بھی مستحکم ہو رہی ہے جس کے باعث بی این پی کے سربراہ سردار اختر مینگل نے مرکز میں حمایت مہیا کرنے کے لیے پی ٹی آئی کے سامنے اہم نکات بھی پيش کر ديے ہيں۔


متعلقہ خبریں