تقریب حلف برداری میں کوئی غیر ملکی شریک نہیں ہو گا


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کی بطور وزیراعظم تقریب حلف برداری میں کسی غیرملکی شخصیت کو مدعو نہیں کیا گیا۔

بنی گالہ میں پی ٹی آئی چیئرمین سے ملاقات کے بعد انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو مختلف شخصیات نے فون کر کے مبارک باد دی ہے، غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا تاہم حلف برداری کی تقریب میں کوئی غیر ملکی شرکت نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کہہ چکے ہیں کہ ہر معاملے میں سادگی اختیار کی جائے گی اس لیے وزیراعظم کی حلف برداری کی تقریب بھی سادگی سے ہو گی۔

فیصل جاوید نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے اپنی حکومت کے پہلے 100 دن کے لیے جو منصوبہ پیش کیا تھا، اس پر عمل کرکے دکھائے گی۔

اس سے قبل ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر فیصل نے بھی اس بات کی تصدیق کی تھی کہ وزیراعظم کی حلف برداری تقریب میں کوئی غیر ملکی سربراہ شرکت نہیں کر رہا ہے۔


متعلقہ خبریں