کراچی: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیوایم) نے الیکشن کمیشن آف پاکستان کوخط لکھا ہے جس میں عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی پر اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کراچی کے قومی و صوبائی حلقوں میں دوبارہ گنتی کا مطالبہ کیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ووٹوں کی گنتی کے دوران پولنگ ایجنٹس کو باہر نکالا گیا، ایم کیو ایم کو ووٹوں کی گنتی کےعمل پرتحفظات ہیں۔
مزید پڑھیں: سیاسی جماعتوں نے انتخابی نتائج پر احتجاج شروع کردیا
اس سے قبل جمعرات کو انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے خلاف دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے ڈپٹی کنوینر عامر خان نے کہا ہے کہ کراچی میں دھاندلی کے باوجود ان کی جماعت نے 6 نشستیں حاصل کر لی ہیں۔
ایم کیو ایم کے سربراہ فاروق ستار نے دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وہ الیکشن کے نام پر ہونے والی سیلیکشن کو رد کرتے ہیں، وہ دھاندلی کے ثبوت پیش کر سکتے ہیں، فارم 45 مانگ رہے ہیں لیکن الیکشن کمیشن دینے کو تیار نہیں۔