عمران خان ایوان صدر میں حلف لیں گے


اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان ایوان صدر میں سادہ اور پروقار تقریب میں وزیراعظم کے عہدے کا حلف لیں گے، اجلاس میں حکومت سنبھالنے کے بعد عوام کو فوری ریلیف فراہم کرنے کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حلف برادری کے لیے سابق بھارتی کرکٹرز مدعو کیے جائیں گے، اس حوالے سے سنیل گواسکر، کپل دیو اور نوجوت سنگھ  سدھو کو دعوت نامہ بھیج  دیا گیا ہے جبکہ دیگر ممالک کے سربراہوں کی شرکت کا معاملہ متعلقہ وزارتیں دیکھ  رہی ہیں۔

پی ٹی آئی کے ذرائع کے مطابق عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں معروف بالی وڈ  اداکار عامر خان کی شرکت  بھی متوقع  ہے۔

پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید نے بتایا ہے کہ عمران خان حلف کے وقت سفید  شلوار قمیض پہنیں گے، انہوں نے کہا کہ 14 اگست کا دن نئے وزیراعظم کے ساتھ منائیں گے۔

پی ٹی آئی کے رہنما نعیم الحق نے کہا کہ عمران خان حکومت سنبھالتے ہی انقلابی اقدامات کریں گے، اسد عمر معیشت کو سنبھالنے کی تیاریاں کر رہے ہیں، معیشت کو بحران سے نکالنے کے لیے نئی حکومت کو بین الاقوامی تعاون بھی میسر ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کابینہ کے حوالے سے عمران خان خود اعلان کریں گے،  وہ وسیع پیمانے  پر مشاورت کر رہے ہیں، بلوچستان میں ان سے کوئی ناراض نہیں ہے۔

اس سے قبل نعیم الحق نے کہا تھا کہ عمران خان شاید کسی عوامی جگہ پر وزیراعظم پاکستان کا حلف لیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا ڈی چوک پر حلف اٹھانے کا امکان ہے، نعیم الحق

سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک ٹوئٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ اس حوالے سے جو بھی فیصلہ ہو گا اس سے عوام کو آگاہ  کیا جائے گا۔


متعلقہ خبریں