بلاول، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کی ضمانتیں ضبط


کراچی: عام انتخابات میں بلاول بھٹو زرداری، ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کی ضمانتیں ضبط  ہو گئی ہیں۔

الیکشن قوانین کے مطابق ہر امیدوار کو ڈالے گئے ووٹوں کا ایک چوتھائی لینا لازمی ہوتا ہے، دوسری صورت میں ان کی جمع کرائی جانے والی ضمانت کی رقم ضبط ہو جاتی ہے۔

بلاول بھٹو زرداری، ڈاکٹر فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال مطلوبہ تعداد میں ووٹ لینے میں ناکام رہے جس کی وجہ سے الیکشن کمیشن سندھ نے تینوں رہنماؤں کی ضمانتیں ضبط کر لی ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق کراچی سے انتخاب لڑنے والی فوزیہ قصوری، علی رضا عابدی، ڈاکٹر صغیر، رؤف صدیقی بھی اپنی ضمانتیں ضبط  کرا بیٹھے ہیں۔

2018 کے انتخابات میں کراچی سے تحریک انصاف نے سب سے زیادہ 14 نشستیں حاصل کی ہیں، لیاری میں  پہلی بار پیپلزپارٹی کو شکست ہوئی ہے اور وہاں سے بھی پی ٹی آئی کا امیدوار کامیاب ہوا ہے۔

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)  اور پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) بھی کراچی سے مایوس کن کارکردگی دکھا سکی ہیں، ایم کیو ایم کو کراچی سے قومی اسمبلی کی صرف چار نشستیں مل سکی ہیں جبکہ پی ایس پی کوئی بھی نشست نہیں جیت سکی۔


متعلقہ خبریں