پرویز مشرف کے خلاف غداری مقدمہ کے اسپیشل پراسیکیوٹر مستعفی

پرویز مشرف کے خلاف غداری مقدمہ کے اسپیشل پراسیکیوٹر مستعفی | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: سابق فوجی حکمراں جنرل (ر) پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں خصوصی عدالت کے اسپیشل پراسیکیوٹر اکرم شیخ مستعفی ہو گئے ہیں۔

منگل کو سامنے آنے والی اطلاع میں تصدیق کی گئی ہے کہ اکرم شیخ نے خصوصی عدالت میں اسپیشل پراسیکیوٹر کے عہدے سے پیر کے روز استعفیٰ دے دیا ہے۔

معروف قانون داں اکرم شیخ پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل چھ کے مقدمے میں استغاثہ کے وکیل تھے۔

اکرم شیخ غداری کیس میں چار سال سے زائد عرصہ تک استغاثہ کے وکیل رہے ہیں۔

اپنے مستعفی ہونے سے متعلق خط میں اکرم شیخ نے سیکرٹری داخلہ کو لکھا کہ وہ مرکز میں حکومت کی تبدیلی کے بعد مقدمہ کی پیروی نہیں کر سکتے۔ نئی حکومت مقدمہ کے لیے وکیل کی خدمات حاصل کر لے گی۔

گزشتہ حکومت نے نومبر 2013 میں اکرم شیخ کو پرویز مشرف کے خلاف غداری کیس میں استغاثہ کا سربراہ مقرر کیا تھا۔

ابتداء میں جنرل (ر) پرویز مشرف کی قانونی ٹیم نے اکرم شیخ کی چیف پراسیکیوٹر کے طور پر تعیناتی کو چیلنج کیا تھا تاہم خصوصی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ نے اسے مسترد کر دیا تھا۔

خصوصی عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کو مارچ 2014 میں غداری کا ملزم قرار دیا تھا۔ تاہم اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے حکم امتناع اور اعلی عدالت کی جانب سے ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نام نکالے جانے کے بعد سابق آمر بیرون ملک چلے گئے تھے جس کی وجہ سے غداری کے مقدمہ میں سماعت نہیں ہو سکی۔

خصوصی عدالت کی جانب سے پرویز مشرف کو مفرور قرار دیتے ہوئے جائیداد ضبطی کا حکم دیا تھا۔

رواں برس کی ابتداء میں خصوصی عدالت نے مقدمہ کی سماعت دوبارہ شروع کرتے ہوئے حکم دیا تھا پرویز مشرف کا شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کر دیا جائے جس کے بعد ن لیگ کی حکومت نے مئی میں عدالتی احکامات پر عملدرآمد کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایک مقدمہ کی سماعت کے دوران پرویز مشرف کو وطن آنے کی اجازت دیتے ہوئے پاسپورٹ بحال کر دیا تھا۔

اکرم شیخ کی جانب سے خصوصی عدالت سے استدعا کی گئی تھی کہ مقدمہ کی سماعت مکمل کر کے پرویز مشرف کی عدم موجودگی میں فیصلہ سنا دیا جائے۔ انہوں نے سابق وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی عدم موجودگی میں انہیں سنائی گئی سزا کی مثال بھی پیش کی تھی۔

پرویز مشرف کی جماعت آل پاکستان مسلم لیگ نے اسلام آباد کے این اے 53 سے اپنا امیدوار عمران خان کے حق میں دستبردار کرا دیا تھا۔ اے پی ایم ایل رہنما ڈاکٹر امجد نے اس حلقہ سے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرائے تھے۔


متعلقہ خبریں