پی ایس پی نے انتخابی نتائج پر تحفظات کا اظہار کر دیا


کراچی: پاک سرزمین پارٹی (پی ایس پی) کے مرکزی رہنما رضا ہارون نے کہا ہے کہ ہمیں موجودہ صورتحال پر شدید تحفظات ہیں، جمہوری عمل تب مکمل ہوتا جب انتخابی عمل شفاف ہوتا۔

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انہوں نے انتخابی عمل کو غیر شفاف قرار دیا اور کہا کہ آج کے انتخابی عمل پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے ہمیں کوئی نتیجہ ملا ہوتا تو ہمارے پاس ہوتا۔

انہوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کی منطق ہمیں سمجھ نہیں آ رہی، آج  کے مشکوک انتخابی عمل سے جمہوریت کو نقصان پہنچے گا۔

رضا ہارون نے کہا کہ پولنگ اسٹیشنز سے پولنگ ایجنٹس کو باہر نکال کر کہا جا رہا ہے کہ نتائج ریٹرننگ آفیسر (آر او) سے ملیں گے، انتخابی عمل کا اختتام غیر جانبداری اور شفافیت سے نہیں ہوا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے ایسے انتخابات کبھی نہیں دیکھے، ہاں ایسے ریفرنڈم ضرور دیکھے ہیں اور اب جو بھی نتائج آئیں گے اس کے درست یا غلط ہونے کی ضمانت ہم نہیں دے سکتے۔

پی ایس پی کے رہنما نے کہا کہ ہمارے امیدوار اور پولنگ ایجنٹس اب  بھی  پولنگ اسٹیشنز کے باہر بیٹھے ہیں، ہم اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ انتخابی نتائج کیا ہونے چاہیئں تھے اور کیا ہوئے ہیں۔


متعلقہ خبریں