آٹھ حلقوں میں پولنگ نہیں ہو رہی

ڈی آر اوز کی جانب سے سابق کمشنر راولپنڈی کے الزامات کی تردید

اسلام آباد: عام انتخابات کے دوران ملک بھر کے آٹھ حلقوں میں مختلف وجوہات کی بنا پر انتخابات ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 60 راولپنڈی میں مسلم لیگ نون کے امیدوار حنیف عباسی کی نااہلی کی وجہ سے انتخابات ملتوی کردیے گئے، حنیف عباسی کو ایفی ڈرین کیس میں عمر قید کی سزا سنائی گئی ہے۔

این اے 60  میں پاکستان مسلم لیگ نون کے محمد حنیف عباسی، پاکستان پیپلزپارٹی کے مختار عباس، تحریک لبیک پاکستان کے عطا الرحمان، عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید احمد، پاکستان  فلاح  پارٹی کے سید راشد حسین شاہ  اور دیگر تین آزاد امیدوار میدان  میں تھے جب کہ مسلم لیگ نون کے حنیف عباسی اور عوامی مسلم لیگ کے شیخ رشید کے درمیان کانٹے کا مقابلہ تھا۔

قومی اسمبلی کی نشست این اے 103 تاندلیانوالہ میں آزاد امیدوار مرزا محمد احمد مغل کی مبینہ خودکشی کے باعث انتخابات ملتوی کردیے گئے، امیدوار نے 21 جولائی کو بیٹوں کی جانب سے انتخابات میں حمایت نہ کرنے پر خود کو گولی مار کر زندگی کا خاتمہ کر لیا تھا۔

این اے 103 میں مسلم لیگ نون کے امیدوار علی گوہر خان، تحریک انصاف کے محمد سعد اللہ، پیپلزپارٹی کے شہادت علی خان، متحدہ مجلس عمل کے مدثر احمد شاہ، تحریک لبیک پاکستان کے رائے اعجاز حسین، اللہ اکبر تحریک کے محمد صدیق، آزاد امیدوار محمد خان ندیم اور آزاد امیدوار ذوالفقار علی میدان میں تھے۔

خیبرپختونخوا کی نشست پی کے 78  پشاور میں عوامی نیشنل پارٹی ( اے این پی ) کے امیدوار ہارون بلور 11 جولائی کو خودکش حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے جس کے باعث الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

پی کے 78  پر 17 امیدوار میدان میں تھے، پاکستان تحریک انصاف کے محمد عرفان، مسلم لیگ نون کے خادم علی، پاکستان پیپلزپارٹی کے عرفان اللہ، متحدہ مجلس عمل کے حاجی غلام علی سمیت دیگر مدمقابل تھے۔

خیبرپختونخوا کی نشست پی کے 99 ڈیرہ اسماعیل خان میں تحریک انصاف کے امیدوار اکرام اللہ گنڈا پور بم حملے میں جاں بحق ہو گئے تھے جس کے باعث الیکشن کمیشن نے انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کیا۔

پی کے 99 میں مسلم لیگ نون کے محمد اکبر خان، پاکستان پیپلزپارٹی کے احتشام اللہ خان، متحدہ مجلس عمل کے عبید الرحمان اور عوامی نیشنل پارٹی کے رنگین خان سمیت 14 امیدوار میدان میں تھے۔

پنجاب اسمبلی کی نشست پی پی 87 میانوالی میں پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار احمد خان کی وفات کی وجہ سے الیکشن ملتوی ہوئے، پی پی 87 میں مسلم لیگ نون کے علی حیدر نور خان، پاکستان پیپلزپارٹی کے محمد خالد، متحدہ مجلس عمل کے آفتاب اسلم خان سمیت گیارہ امیدوار میدان میں تھے۔

بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی 35 مستونگ میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی کے دھماکے میں شہادت کے باعث انتخابات ملتوی کردیے گئے تھے، پی بی 35 میں پاکستان تحریک انصاف کے محمد  فیصل، پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد اکبر، متحدہ مجلس عمل کے غلام حیدر سمیت 24 امیدوار میدان  میں تھے۔

سندھ اسمبلی کی نشست پی ایس 87 ملیر میں تحریک لبیک کے امیدوار شریف احمد خان کی ٹریفک حادثے میں وفات کے باعث انتخابات ملتوی کردیے گئے، پی ایس 87 میں تحریک انصاف کے قادر بخش خان گبول، مسلم لیگ نون کے عبدالخلیل بروہی، متحدہ مجلس عمل کے حمداللہ، پاکستان پیپلز پارٹی کے محمد ساجد  سمیت 22  امیدوار میدان میں تھے۔

سندھ اسمبلی ہی کی نشست پی ایس 6  پر پیپلزپارٹی کے میر شبیر علی بجارانی بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں۔


متعلقہ خبریں