ایشیا کپ: پاکستان بھارت 19 ستمبر کو مد مقابل ہوں گے


اسلام آباد: ایشیا کرکٹ کونسل نے رواں سال ستمبر میں ہونے والے ایشیا کپ کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، شیڈول کےمطابق پاکستان اور بھارت بدھ  19 ستمبر کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مد مقابل ہوں گے۔

دونوں ٹیمیں شارجہ میں 24 اور ابو ظہبی میں دو مرتبہ پنجہ آزمائی کر چکی ہیں تاہم اس میدان پر پہلی بار مد مقابل ہوں گی، بھارت نے متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں آخری میچ  بھی پاکستان کے خلاف 2006 میں کھیلا تھا، اب تک کھیلے گئے میچز میں پاکستان کا پلڑا بھاری رہا ہے۔

متحدہ عرب امارات کے میدانوں میں ہونے والے 26 میں سے 19 مقابلوں میں گرین شرٹس نے کامیابی حاصل کر رکھی ہے۔

ٹورنامنٹ میں مجموعی طور پر چھ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جنہیں 2 گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔

گروپ اے میں سری لنکا، افغانستان اور بنگلہ دیش شامل ہیں، جبکہ گروپ بی میں پاکستان اور بھارت کو رکھا گیا ہے، اس گروپ کی تیسری ٹیم کا انتخاب کوالیفائنگ ٹورنامنٹ سے کیا جائے گا۔

کوالیفائنگ راؤنڈ میں ہانگ کانگ، نیپال، متحدہ عرب امارات، سنگا پور، ملائیشیا اور اومان کی چھ  ٹیمیں حصہ لیں گی، اس ٹورنامنٹ کی فاتح ٹیم رواں سال ایشیا کپ کھیل سکے گی، مذکورہ ٹورنامنٹ 29 اگست سے 6 ستمبر تک متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔

ابتدا میں ایشیا کپ بھارت میں کھیلا جانا تھا لیکن پاکستان کے بھارت میں کھیلنے سے انکار کے بعد اسے متحدہ عرب امارات منتقل کردیا گیا تھا، ٹورنامنٹ کا فائنل 28 ستمبر کو متحدہ عرب امارات میں کھیلا جائے گا۔


متعلقہ خبریں