سابق بھارتی کرکٹرز محمد کیف اور پیوش چاؤلہ نے 15 سالہ ابھرتے ہوئے بیٹر ویبھوو سوریاونشی کو بھارت کی ٹی 20 ٹیم میں جلد شامل کرنے کی حمایت کر دی ہے۔
نوجوان کھلاڑی نے انڈین پریمیئر لیگ میں شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے نہ صرف پہلی ہی گیند پر چھکا لگایا بلکہ ایک میچ میں صرف 35 گیندوں پر سنچری بھی اسکور کی۔ حال ہی میں انہوں نے 15 گیندوں پر نصف سنچری بنا کر راجھستان رائلز کو چنائی سپر کنگز کے خلاف فتح دلائی۔
محمد کیف کا کہنا تھا کہ ابتدا میں انہیں لگا کہ سوریاونشی کو بہت جلد ہائپ کیا جا رہا ہے، لیکن اب وہ اگلے لیول کیلئے تیار نظر آتے ہیں۔ پیوش چاؤلہ نے بھی اس رائے سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ اسی طرح کھیلتے رہے تو انہیں تیزی سے قومی ٹیم میں شامل کیا جا سکتا ہے۔
سابق کرکٹر امباتی رایودو نے بھی نوجوان بیٹر کی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ مستقبل میں بھارتی کرکٹ کیلئے بڑا نام بن سکتے ہیں، تاہم انہوں نے خبردار کیا کہ موجودہ عالمی چیمپیئن ٹیم میں جگہ بنانا آسان نہیں ہوگا۔
