کٹھ پتلی اتحاد یوٹرن اور منافقت کی سیاست کررہا ہے، بلاول

عمران خان آئی جے آئی2 کا حصہ ہیں، بلاول بھٹو | urduhumnews.wpengine.com

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری—فائل فوٹو۔


ننگرپارکر: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہماری پارٹی کے خلاف ہمیشہ کٹھ پتلی اتحادوں کو لایا گیا لیکن ان اتحادوں کو شکست ہوئی۔

حالیہ سیاسی مہم پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ منافقت اور یوٹرن کی سیاست ہے اس بار بھی سندھ میں کٹھ پتلی اتحاد کو شکست ہو گی۔

ننگر پارکر میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو پوری دنیا مانتی ہے کہ غربت ختم کرنے کے لیے اہم قدم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں غریب عورتوں کو بلاسود قرضے دیتے ہیں تاکہ وہ اپنی اور اپنے خاندان کی مدد کریں اور پاکستان کی معیشیت میں کردار ادا کریں۔

بلاول بھٹو نے جلسے کے دوران دعوی کیا کہ واحد ہمارا منشور جو پاکستان سے غذائی قلت دور کرنے میں مدد کرے گا۔ ہم فوڈ کارڈ اور بھوک مٹاؤ پروگرام سے روزگار اور غذائی قلت کو دور کریں گے۔

پی پی چیئرمین نے کہا کہ آپ تک میٹھا پانی پہنچائیں گے ہم نے یہاں ایئرپورٹ بنایا جس سے روز گار اور ترقی آئے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ تاریخ ہے کہ پی پی کے مقابلے میں کٹھ پتلی اتحادوں کو کھڑا کیا جاتا ہے اور آپ نے ہمیشہ ان اتحادوں کو شکست دی ہے، اس بار بھی یہ اتحاد ہاریں گے۔ یہ منافقت اور یوٹرن کی سیاست ہے۔ ایک طرف کرپشن کی بات ہوتی ہے دوسری طرف دہشت گردوں کے ساتھ بات کرتے ہیں۔

بلاول نے کہا کہ بغض بھٹو میں کس حد تک پہنچے ہیں کہ ہر ایشو پر کمپرومائز کرنے کو تیار ہیں۔ پانی کی منصفانہ تقسیم کو بحث سے حل کیا جانا چاہیے۔

پیپلزپارٹی نے دعوی کیا کہ مخالف اتحاد کا منصوبہ ہے کہ منتخب ہونے کے بعد بے نظیر انکم  سپورٹ پروگرام کو ختم کردیا جائے۔ ہم ان کی سیاست ختم کردیں گے لیکن پروگرام ختم نہیں ہونے دیں۔ انہیں پتا ہے کہ عوام پی پی کے ساتھ ہے۔ اگر وہ پاپولر ہوتے تواتحاد نہ بناتے، پی پی کے جیالے ضیا اور مشرف سے نہیں ڈرے تو آپ سے کیوں ڈریں۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ پی پی واحد جماعت ہے جو پاکستان کے اندرونی اور بیرونی مسائل حل کرسکتی ہے۔ کٹھ پتلی اتحاد مسائل حل نہیں کرسکتے وہ تو اپنے کام کرتے ہیں عوام کے کام نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ میری جدوجہد ایک دن کی نہیں میں سیاسی مشن پر نکلا ہوں۔ 25 جولائی کو پورے سندھ سے صرف تیر جیتے گا۔


متعلقہ خبریں