اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کے وکلا اپنے مؤکلین سے آج ملاقات کریں گے۔
جیل حکام نے نواز شریف اور مریم نواز کے وکلا کو ملاقات کے لیے آج کا وقت دیا ہے۔ وکلا خواجہ حارث اور امجد پرویز ایڈووکیٹ صبح گیارہ بجے اڈیالہ جیل میں ملاقات کریں گے۔
وکلا کی بار بار کی درخواستوں کے بعد انہیں ملاقات کا وقت دیا گیا ہے۔ گزشتہ روز ان کی ملاقات منسوخ کردی گئی تھی۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد اوران کی صاحبزادی مریم نواز ایون فیلڈ (لندن فلیٹس) ریفرنس کیس کے فیصلے کے تحت پولیس کی حراست میں ہیں۔ دونوں کو پاکستان واپس آنے پر طیارے سے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا۔
ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت نے نہ صرف پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کو دس سال اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سات سال قید کی سزا سنائی ہے بلکہ بھاری جرمانے بھی عائد کیے ہیں۔
احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کو بھی ایک سال کی سزا سنائی ہے۔