فاٹا کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی


پشاور: خیبرپختونخوا کی نگراں حکومت نے سرکاری دستاویزات میں ”فاٹا“  کا لفظ استعمال کرنے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

نگراں وزیراعلیٰ جسٹس ریٹائرڈ دوست محمد خان نے تمام اداروں کے لیے اعلامیہ جاری کر دیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ 31 ویں آئینی ترمیم  کے بعد  فاٹا اور پاٹا کے الفاظ ختم  ہو چکے ہیں اس لیے کسی بھی سرکاری دستاویز اور رابطے میں فاٹا کا لفظ استعمال نہ کیا جائے۔

24 مئی کو پاکستان کی قومی اسمبلی نے فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم  کرنے سے متعلق 31 ویں آئینی ترمیم کا بل دو تہائی اکثریت سے منظور کیا تھا جس کے بعد فاٹا  قانونی اور آئینی طور پر خیبرپختونخوا  کا حصہ بن گیا تھا۔

آئینی ترمیم کے حق میں 229  ارکان نے ووٹ ڈالے تھے جبکہ صرف ایک رکن نے اس کے خلاف ووٹ دیا تھا۔

25 مئی کو سینیٹ نے 31  ویں آئینی ترمیم کی منظوری دے دی تھی جبکہ 27 مئی کو فاٹا انضمام بل خیبرپختونخوا اسمبلی سے بھی منظور ہو گیا تھا۔


متعلقہ خبریں