اسلام آباد میں مجلس عمل کے انتخابی کیمپ پر پولیس کی فائرنگ

اسلام آباد میں مجلس عمل کے انتخابی کیمپ پر پولیس کی فائرنگ | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے انتخابی کیمپ پر پولیس کی فائرنگ کے بعد علاقے میں حالات کشیدہ ہو گئے ہیں۔

بدھ کی شام پیش آنے والے واقعہ میں اسلام آباد پولیس نے جی ٹین مرکز میں قائم متحدہ مجلس عمل کے امیدوار برائے قومی اسمبلی میاں اسلم کے انتخابی کیمپ کو نشانہ بنایا۔

واقعہ کے متعلق تفصیل بتاتے ہوئے ایم ایم اے کے میڈیا کوآرڈینیٹر راؤ جاوید کا کہنا ہے کہ پولیس نے انتخابی کیمپ پر بلااشتعال اور براہ راست فائرنگ کی۔

چھ روز بعد ہونے والے انتخابات کی مہم کے لیے ایم ایم اے کے امیدوار برائے این اے 53 اور 54 میاں اسلم کا انتخابی کیمپ سیکٹر جی ٹین مرکز میں قائم کیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے زبردستی کیمپ اکھاڑنا چاہا تو موقع پر موجود کارکنان نے اہلکاروں کو ایسا کرنے سے روکا جس پر پولیس کے دستے نے کیمپ پر موجود افراد پر براہ راست فائرنگ کر ڈالی۔

پولیس فائرنگ کا نشانہ بننے والا مجلس عمل کا انتخابی کیمپ
پولیس فائرنگ کا نشانہ بننے والا مجلس عمل کا انتخابی کیمپ

علاقے میں دیگر سیاسی جماعتوں کے کیمپ بھی موجود ہیں۔ بدھ ہی کے روز مجلس عمل کے امیدوار برائے قومی اسمبلی میاں اسلم نے کمشنر دفتر کے باہر احتجاجی نیوزکانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے قبل از انتخاب دھاندلی روکنے کا مطالبہ کیا تھا۔

میاں اسلم کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں چند روز باقی ہیں لیکن انتخابی مہم میں مصروف ورکرز کو مسلسل ہراساں اور گرفتار کیا جا رہا ہے، انتخابی کمیشن کے قواعدوضوابط کے مطابق لگائے گئے بینرز کو سرکاری گاڑیاں اتار رہی ہیں جب کہ کارنر میٹنگز کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ انتظامیہ سے اجازت کی کوششوں پر جواب دینے کے بجائے ٹال مٹول سے کام لیا جا رہا ہے جب کہ مخصوص امیدوار کی ہر طرح کی پشت پناہی کی جا رہی ہے۔

میاں اسلم کی انتخابی مہم کے انچارج کاشف چوہدری کا کہنا ہے کہ گزشتہ پندرہ روز سے انتظامیہ جانبداری پر مبنی رویہ اپنائے ہوئے ہے۔

پولیس فائرنگ سے مشتعل کارکنان کا کہنا ہے کہ ایس ایچ او کی موجودگی میں انتخابی کیمپ پر براہ راست فائرنگ ناقابل برداشت ہے، اعلی انتظامی عہدیداروں نے موقع پر پہنچ کر راست اقدام نہ کیا تو احتجاج کا دائرہ کار بڑھا دیں گے۔

مجلس عمل کے انتخابی کیمپ پر پولیس فائرنگ کے بعد میاں اسلم کے حامی سڑک بند کر کے احتجاج کر رہے ہیں
مجلس عمل کے انتخابی کیمپ پر پولیس فائرنگ کے بعد میاں اسلم کے حامی سڑک بند کر کے احتجاج کر رہے ہیں

مقامی پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او اسجد محمود نے مجلس عمل کے امیدوار میاں اسلم کے الیکشن کیمپ پر پولیس اہلکار کی فائرنگ کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ شاہد نامی پولیس اہلکار نے فائرنگ کی ہے۔

ایس ایچ او کا کہنا ہے کہ اسسٹنٹ سب انسپکٹر (اے ایس آئی) شاہد نے الیکشن کیمپ پر فائرنگ کی ہے جسے معطل کر دیا گیا ہے۔

کیمپ پر فائرنگ کے بعد مشتعل کارکنان نے پولیس کی گاڑیوں کا گھیراؤ کر لیا اور ایس ایچ او تھانہ رمنہ کو معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ جماعت اسلامی کے کارکنان کا اشتعال دیکھتے ہوئے پولیس نے اپنی گاڑیاں پیچھے ہٹا لیں۔

احتجاج کی اطلاع ملنے پر اسسٹنٹ کمشنر سعد بن اسد موقع پر پہنچے تاہم غم و غصہ کا شکار سیاسی کارکنوں نے انتظامی ہدایات ماننے سے انکار کر دیا جس کے بعد سعد بن اسد واپس چلے گئے۔


متعلقہ خبریں