ایم کیوایم کو ہرانے کی سازش مکمل کرلی گئی ہے، خالد مقبول صدیقی

ایم کیو ایم پاکستان کا الیکشن انتظامیہ پر دھاندلی کاالزام | urduhumnews.wpengine.com

کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کےسربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ایک  بار پھر انتظامیہ پر دھاندلی  کا الزام  لگاتے ہوئے کہا  ہے کہ ضابطہ اخلاق کی آڑ میں ہمیں بینرز لگانے اور جلسے کرنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے اور ہمارے کارکنوں کو بھی گرفتار کیا جا رہا ہے۔

بہادرآباد میں ایم کیو ایم کے عارضی مرکز پر ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ان  کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے ذریعے ایم کیو ایم کو ہرانے کی سازش مکمل کرلی گئی ہے۔

انہوں نے الزام لگایا کہ  پہلے مرحلے میں مردم شماری میں آبادی کم گنی گئی اور اب سرکاری کوارٹرز خالی کرانے کےنام پر ہمارے ووٹرز کو بے گھر کیا جارہاہے۔

ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے سوال کیا کہ سپریم کورٹ بتائے کہ عین انتخابات کے وقت ایسا حکم جاری کرنا کیا قومی سلامتی کے لیے ضروری تھا؟ انہوں نے کہا کہ ہم کرائے کے دفاتر اور فٹ پاتھ پر الیکشن مہم چلارہے ہیں۔

ایم کیوایم کے ڈپٹی کنونئیر عامرخان نے کہا کہ میرپورخاص سے دومرتبہ منتخب ہونے والے ایم پی اے کو 31 سال پرانی ایف آئی آر میں نامزد کر کے گرفتار کرلیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا میرپورخاص اور حیدرآباد میں پہلے جلسوں کی اجازت دی گئی پھر نفری نہ ہونے اور مخالف پارٹیوں کی انتخابی ریلیوں کا بہانہ بنا کر اجازت منسوخ کردی گئی۔

انہوں نے کڑی نکتہ چینی کرتے ہوئے کہا کہ اگر مہاجروں کو دوسرے درجےکا شہری بنا دیا گیا ہے تو بتا دیا جائے۔

ایم کیو ایم کی قیادت کا کہنا ہے کہ وہ تمام تر مشکلات کے باوجود الیکشن میں حصہ لے گی اور جیت کر دکھائے گی کیونکہ ان کے ووٹرز وفاداری تبدیل کرنے کے لیے تیار نہیں  ہیں۔


متعلقہ خبریں