بنگلا دیش انتخابات کے دوران گوالگانج میں رشما انٹرنیشنل اسکول کے پولنگ اسٹیشن پر بم پھینکے جانے سے تین افراد زخمی ہو گئے۔
بنگلا دیشی پولیس کا کہنا ہے کہ پولنگ اسٹیشن پر ووٹنگ پرسکون طور پر جاری تھی جب اسکول کے باہر ملزمان نے بم پھینکا، اس حملے میں دو بنگلہ دیشی پیرا ملٹری اہلکار اور 14 سالہ لڑکی زخمی ہوئی۔
دوسری جانب غیر ملکی میڈیا کے مطابق انتخابات کے دوران بی این پی کے رہنما محب الزمان پولنگ اسٹیشن کے باہر گر کر انتقال کر گئے۔
بی این پی نے الزام عائد کیا ہے کہ جماعت اسلامی کے ایک رہنما کی جانب سے مبینہ دھکا دیے جانے کے باعث ہمارے رہنما محب الزمان کی موت واقع ہوئی جبکہ جماعت اسلامی نے اس کی تردید کی ہے۔
بنگلا دیش میں عام انتخابات، بنگلا دیش کا اگلا وزیراعظم کون؟ دو امیدواروں میں کانٹے کا مقابلہ متوقع
جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں ہمارے حامیوں پر الگ الگ واقعات میں حملے کیے گئے، ہمارے نمائندوں پر حملہ کیا گیا، انہیں دستاویزات تیار کرتے ہوئے کام کرنے کی اجازت نہیں دی گئی۔
واضح رہے کہ بنگلہ دیشی آرمی چیف جنرل وقار الزمان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ خوف کے بغیر اپنے گھر چھوڑیں اور پولنگ اسٹیشن جائیں اور ووٹ ڈالیں۔
