انتخابی امیدواران میں فورتھ شیڈول کے افراد بھی شامل


فیصل آباد: 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں دو ایسے امیدواران بھی میدان میں ہیں جن کے نام فورتھ شیڈول میں شامل ہیں۔

قومی اسمبلی کے حلقہ این اے – 109 پہ انتخاب میں حصہ لینے والے محمد آصف اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ  پی پی -99 پہ اپنے انتخاب کے خواہش مند کاشف حسین عطاری ایسے امیدواران ہیں جن کے نام فورتھ شیڈول میں شامل ہیں۔

فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے دونوں امیدواران سنی تحریک کے ٹکٹ پر انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔

کاشف حسین عطاری پر تھانہ کھڑریانوالہ میں قتل اور اقدام قتل سمیت آٹھ مقدمات درج ہیں۔

ذرائع کے مطابق دونوں انتخابی امیدواران کے متعلق خفیہ اداروں نے اعلیٰ حکام کو رپورٹ ارسال کردی ہے۔

فورتھ شیڈول انسداد دہشت گردی کے قانون کے تحت ترتیب دی جانے والی وہ فہرست ہے جس میں ان شخصیات کے نام شامل کیے جاتے ہیں جن کے متعلق دہشت گردانہ یا فرقہ وارانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا شبہ ہو اوریا پھر خدشات ہوں کہ ان کا تعلق کالعدم جماعتوں کے ساتھ ہے۔

فورتھ شیڈول میں شامل افراد کسی بھی قسم کی مذہبی یا سیاسی سرگرمیوں میں حصہ نہیں لے سکتے ہیں۔

کسی بھی شخص کا نام فورتھ شیڈول میں شامل کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ صوبائی حکومت کا اختیار ہے۔


متعلقہ خبریں