ملک بچانے اور شہید بی بی کا وعدہ نبھا نے نکلا ہوں ، بلاول بھٹو

تبدیلی کے نام پر عوام کو صرف تباہی ملی، بلاول بھٹو زرداری

فوٹو: فائل


راولپنڈی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وہ پاکستان بچانے، بی بی شہید کا وعدہ نبھانے اور شہدا کا نامکمل مشن مکمل کرنے نکلے ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا مقابلہ غربت اور بے روزگاری سے ہے۔

راولپنڈی میں انتخابی جلسہ عام  سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا جمہوریت میں راولپنڈی والوں کا خون شامل ہے اور  یہاں کے لوگوں نے پی پی پی  کے لیے بے پناہ قربانیاں دی ہیں۔

پیپلزپارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ ذولفقار علی بھٹو عوام کے لیے انقلابی منشور لائے، ذوالفقار بھٹو اور بے نظیر بھٹو نے اپنے وعدے پورے کیے اور بلاول بھٹو بھی عوام سے کیے گئے وعدے پورے کرے گا۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا بے نظیر انکم سپورٹ سے عوام کےمعاشی مسائل حل ہوئے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ  پیپلزپارٹی نے آٹھ لاکھ  لوگوں کو غربت سے نکالا ہے۔

انہوں نے شرکائے جلسہ  سے کہا کہ پیپلزپارٹی حکومت میں آکر بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کرے گی، بلاسود قرضے دے گی، بے گھر افراد کو گھر فراہم کرے گی اور نوجوانوں کو روزگار کے مواقع فراہم کرے گی۔

انتخابی جلسہ عام  سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا کہ ملک کی 60 فی صد آبادی غذائی قلت کا شکا ر ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پیپلز پارٹی برسراقتدار آکر خوراک کے لیے کارڈ جاری کرے گی۔

انہوں نے وعدہ کیا کہ حکومت میں آنے کے بعد بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت عوام کوسستی اشیا مہیا کریں گے اور یونین کونسل سطح پر فوڈ اسٹالز قائم کریں گے۔

چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری  نے کہا کہ صرف الیکشن کی بات نہیں ہے، میراسیاسی سفر ہے اور میں جگہ جگہ پارٹی منشور لے کر جاؤں گا۔

انہوں نے کہا کہ عوا م کی خدمت صرف ایک روز کا کام نہیں ہے بلکہ ساری زندگی کا ہے۔  انہوں نے واضح کیا کہ میری سیاست نفرت کی نہیں، اصولوں کی ہے۔


متعلقہ خبریں