سندھ کے 65 فیصد پولنگ اسٹیشنز حساس قرار


اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے عام انتخابات میں سندھ کے 65 فیصد پولنگ اسٹیشنز اور پولنگ بوتھس کو حساس قرار دے دیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی دستاویزات کے مطابق سندھ کے کل پولنگ اسٹیشنز کی تعداد 17 ہزار سات سو 47  ہے جن میں سے  پانچ ہزار سات سو 76  پولنگ اسٹیشنز کو حساس، پانچ ہزار چھ سو 73 پولنگ اسٹیشنز کو حساس ترین اور 20 ہزار ایک سو 65 پولنگ بوتھ کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

سندھ کے 29 اضلاع میں سے سب سے زیادہ حساس ترین ضلع خیر پور کو قرار دیا گیا ہے جہاں سات سو 88 پولنگ اسٹیشنز اور دو ہزار پانچ سو دو پولنگ بوتھ انتہائی حساس ہیں۔

سندھ میں دوسرے نمبر پرحساس ترین ضلع کورنگی کراچی کو قرار دیا گیا  ہے جہاں سات سو 32  پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے، کراچی ایسٹ کے چھ سو 98  پولنگ اسٹیشنز اور دو ہزار سات سو 90 پولنگ بوتھ کو حساس ترین قرار دیا گیا ہے۔

کراچی ویسٹ کے دو سو 37 پولنگ اسٹیشن اور ایک ہزار تین سو 59 پولنگ بوتھ حساس ترین جب کہ کراچی ساؤتھ کے دو سو 23 پولنگ اسٹیشنز اور آٹھ سو 92 پولنگ بوتھ حساس ترین قرار دیے گئے ہیں اور کراچی سینٹرل کے دو سو 44 پولنگ اسٹیشنز اور نو سو 36 پولنگ بوتھ حساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔

اسی طرح لاڑکانہ کے دو سو نو، سکھر کے ایک سو 69، نواب شاہ کے ایک سو 91، تھرپارکر کے دو سو پانچ، حیدر آباد کے 95، سانگھڑ کے چار سو 77 اور شکارپور کے 60 پولنگ اسٹیشنزحساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔

گھوٹکی کے ایک سو 17، بدین اور کشمور کے 95 اور جامشورو کے ایک سو 25 پولنگ اسٹیشنزحساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔

نوشہروفیروز کے 69، شہداد کوٹ 100، جیکب آباد 91، مٹیاری کے 70،  ٹنڈو محمد خان 50،  میر پورخاص 40، عمر کوٹ 40  پولنگ اسٹیشنز حساس ترین قرار دیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کے مطابق حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی کیمرے نصب کیے جا رہے ہیں جب کہ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر فوج، رینجرز اور پولیس کی اضافی نفری بھی تعینات ہوگی۔


متعلقہ خبریں