نون لیگ کی قیادت کو گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ


لاہور: پنجاب میں نگراں حکومت نے تیرہ جولائی کو نواز شریف اور مریم نواز کی پاکستان آمد کے موقع  پر لاہور میں جلوس نکالنے والے  نون لیگی رہنماؤں کو گرفتار نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ فیصلہ ملکی حالات کے پیش نظر کیا گیا ہے، پنجاب کابینہ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ انتخابات کے بعد آنے والی پنجاب حکومت خود ان مقدمات پر کوئی پالیسی اختیار کرے گی۔

مقدمات تیرہ جولائی کو نواز شریف اور مریم نواز کے لیے بغیر اجازت استقبالیہ ریلی نکالنے پر درج کیے گئے تھے، مقدمات لاہور کے مختلف تھانوں میں دہشت گردی، 16 ایم پی او، توڑ پھوڑ، پولیس پر حملوں اور دیگر دفعات کے تحت درج کیے گئے تھے۔

ان مقدمات میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیراعلی شہباز شریف، حمزہ شہباز، مشاہد حسین، پرویز رشید، سعد رفیق اور دیگر قیادت نامزد ہے۔

رانا ثنا اللہ سمیت درجنوں رہنماؤں اور کارکنوں کے خلاف فیصل آباد کے مختلف تھانوں میں 20 مقدمات درج  ہوئے ، اس کے علاوہ ساہیوال میں مسلم لیگ کے کارکنوں سمیت 41 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا جس میں ملک ندیم کامران، دو سابق اراکین اسمبلی اور صوبائی اسمبلی کے ایک سابق رکن شامل ہیں۔


متعلقہ خبریں