نواز شریف کو جیل میں سہولتوں کے لیے شہباز شریف کا خط

شہبازشریف کیخلاف آمدن سے زائد اثاثوں کی تفتیش میں ہنڈی کے ذریعے پیسے منتقل کرنے کا انکشاف | urduhumnews.wpengine.com

فائل فوٹو


لاہور: سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے نگراں وزیراعظم جسٹس (ر) ناصرالملک اور نگراں وزیراعلیٰ  پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری سے مطالبہ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو جیل میں استحقاق کے مطابق سہولتیں دی جائیں۔

پیر کے روز نگراں وزیراعظم اور نگراں وزیراعلیٰ پنجاب کو لکھے گئے خط میں انہوں نے کہا کہ نواز شریف تین بار منتخب وزیراعظم ہیں، ان کا طبی معائنہ اور ادویات کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور ضوابط کے مطابق انہیں وہ تمام سہولتیں دی جائیں جو ان کا استحقاق ہے۔

انہوں نے یہ مطالبہ بھی کیا ہے کہ نواز شریف کو دل کا عارضہ لاحق  ہے اس لیے انہیں ذاتی معالج کی طرف سے تواتر کے ساتھ  طبی معائنہ اور ادویات کی سہولتوں کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

احتساب عدالت نے نواز شریف کو ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس میں دس سال قید کی سزا سنائی تھی، وہ ان دنوں اڈیالیہ جیل میں قید ہیں جہاں اپنے وکلا سے ملاقات کے دوران انہوں نے جیل میں سہولتوں کی غیرموجودگی کا ذکر کیا تھا، اڈیالہ جیل میں ان کے ہمراہ مریم نواز بھی قید ہیں جنہیں احتساب عدالت نے سات برس قید کی سزا سنائی تھی۔

اس سے قبل اپنے ایک ٹویٹ میں حسین نواز نے کہا تھا کہ ان کے والد کو رات کو سونے کے لیے بستر نہیں دیا گیا اور غسل خانہ انتہائی غلیظ تھا جس کی عرصہ دراز سے صفائی نہیں ہوئی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں عوامی نمائندوں کی عزت کا دستور نہیں لیکن یہ بنیادی حقوق ہیں جن کا روکنا تشدد کے زمرے میں آتا ہے۔


متعلقہ خبریں