پنجاب فوڈ اتھارٹی کی فوڈ سیفٹی ٹیموں نے لاہور کی ٹولنٹن مارکیٹ میں علی الصبح ناکہ بندیاں کر کے کارروائی کی، جس کے دوران 36 میٹ گوداموں، سپلائرز اور دکانوں کی چیکنگ کی گئی۔
کارروائی کے دوران دو میٹ یونٹس کو بھاری جرمانے جبکہ 10 کو اصلاحی نوٹس جاری کیے گئے۔ معائنے کے دوران بڑی مقدار میں بیمار مرغیاں برآمد ہونے پر فوری ایکشن لیا گیا اور 4 ہزار کلوگرام سے زائد مردہ و بیمار مرغیاں موقع پر ہی تلف کر دی گئیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی محمد عاصم جاوید کے مطابق موقع پر موجود ویٹرنری اسپیشلسٹ نے تفصیلی معائنے کے بعد مرغیوں کو مضرِ صحت قرار دیا۔ انہوں نے بتایا کہ یہ بیمار مرغیاں ذبح کر کے مارکیٹ میں سپلائی کی جانی تھیں، تاہم میٹ سیفٹی ٹیم کی بروقت کارروائی سے ترسیل ناکام بنا دی گئی۔
محمد عاصم جاوید نے کہا کہ بیمار اور ناقص گوشت کا استعمال موذی امراض کا باعث بن سکتا ہے، جبکہ جعل ساز مافیا زیادہ منافع کے لالچ میں خوراک نہیں بلکہ بیماریاں فروخت کرتا ہے۔
انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ اشیائے خورونوش کی خریداری سے قبل خود تسلی کریں اور کسی بھی خلاف ورزی کی صورت میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہیلپ لائن 1223 پر اطلاع دیں۔
ڈی جی فوڈ اتھارٹی کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فوڈ اتھارٹی کی ٹیمیں معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کے لیے مسلسل کارروائیاں کر رہی ہیں اور صحت دشمن عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت سخت ایکشن جاری رہے گا۔
