کراچی کے پارک میں جھولا گرگیا : بچی جاں بحق ،سات زخمی


کراچی: پرانی سبزی منڈی کے قریب عسکری امیوزمنٹ پارک میں جھولا گر گیا جس کے باعث  بچی جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔

چھیپا کے مطابق یونیورسٹی روڈ پر واقع امیوزمنٹ پارک میں جھولا گرنے سے 12 سالہ کشف جاں بحق اور سات افراد زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو اسپتالوں میں منتقل کیا جارہا ہے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی  رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری جائے حادثہ پر پہنچ گئی اور عوام سے پارک خالی کرالیا۔ پارک میں عوام کا داخلہ بند کرکے امدادی سرگرمیاں شروع کردی گئی ہیں۔

پولیس کی ابتدائی اطلاع کے مطابق پارک میں موجود افراد نے جھولے کے نیچے دبے ہوئے زخمیوں کو اپنی مدد آپ کے تحت نکالا اور قریب ہی واقع اسپتالوں تک پہنچایا۔

امدادی ٹیموں کے مطابق فی الوقت زخمیوں کی حتمی تعداد بتانا ممکن نہیں ہے۔

حادثے کی اطلاع پر آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی سندھ  نے ایس ایس پی ایسٹ  کو ہدایت دی کہ جائے حادثہ سے زخمیوں کی اسپتال منتقلی فوری طورپر ممکن بنائی جائے اور طبی امداد کی فراہمی میں غفلت نہ برتی جائے۔

ہم نیوز کے مطابق اتوار کا روز ہونے کے باعث پارک میں لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ حادثے کا شکار ہونے والے جھولے میں بچوں سمیت بڑے بھی بیٹھے ہوئے تھے۔

پرانی سبزی منڈی کے قریب اور الہلال سوسائٹی کے بالمقابل واقع عسکری پارک کا افتتاح 2005 میں جنرل (ر) پرویز مشرف نے کیا تھا۔ اس وقت پارک میں جھولے وغیرہ نہیں تھے۔

رواں برس عیدالفطرسے قبل عسکری پارک کے اندر نیا امیوزمنٹ پارک بنایا گیا تھا جس میں جدید طرز کے جھولے نصب کیے گئےتھے اور عیدالفطر کے موقع پر ہی اسے عوام الناس کے لیے کھولا گیا تھا۔


متعلقہ خبریں