اسلام آباد: جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ ہماری افواج کو مربوط حکمت عملی سے مستقبل کی جنگوں کیلئے تیار رہنا ہوگا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا (نشانِ امتیاز، نشانِ امتیاز ملٹری) نے اپنے اعزاز میں جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر میں منعقدہ الوداعی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دنیا غیر معمولی رفتار سے تبدیل ہو رہی ہے اور اس تیز رفتار تبدیلی کے ہماری داخلی و خارجی سیکیورٹی چیلنجز پر گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ اثرات ہائبرڈ محاذ آرائی سے لے کر روایتی جنگ تک پھیلے ہوئے ہیں، اسی لیے موجودہ حالات میں مسلح افواج کے لیے زیادہ ہم آہنگی، مشترکہ تعاون اور یکسو مقصد کے ساتھ تیار رہنا ناگزیر ہے۔
اپنے خطاب میں جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا کہ مسلح افواج کے درمیان ہم آہنگی ایک خواہش نہیں، بلکہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ مستقبل کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمتِ عملی پر مبنی تنظیمی اصلاح ناگزیر ہے۔
انہوں نے مکمل با اختیار، جدید صلاحیتوں سے لیس اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کرنے والی افواج کو قومی سلامتی کے نظام کی عملی ضرورت قرار دیا۔
پاکستان اور بحرین دو روحیں ، ایک دل ، مضبوط شراکت داری کو فروغ دینگے ، وزیراعظم شہباز شریف
جنرل ساحر شمشاد مرزا نے اس موقع پر تینوں افواج، خصوصاً جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹر کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے کہا کہ ادارے کا ڈھانچہ کسی بھی شکل میں ہو، اسے اپنی نئی ذمہ داریوں کو دیانت داری، عزم اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ نبھانا چاہیے۔

