پولنگ کے دن بلاتعطل بجلی فراہم کی جائے، الیکشن کمیشن


اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے سیکرٹری پانی و بجلی کو خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وزارت پانی و بجلی 25 اور 26 جولائی کو بلاتعطل بجلی بحالی کو یقینی بنائے۔

الیکشن کمیشن کے خط میں کہا گیا ہے کہ ووٹنگ کا عمل 25 جولائی کو صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک جاری رہے گا جس کے فوراً بعد گنتی شروع ہو جائے گی، اس لیے 25 اور 26 جولائی کو بجلی کی فراہمی میں تسلسل یقینی بنایا جائے۔

25 جولائی کو پورے ملک میں عام تعطیل ہو گی اور پولنگ کا عمل مسلسل 10 گھنٹے جاری رہے گا، الیکشن کمیشن نے پولنگ اسٹیشنز کی سیکیورٹی کی ذمہ داری پاک فوج کے حوالے کی ہوئی ہے۔

ملکی تاریخ میں پہلی بار پولنگ کا دورانیہ بڑھا دیا گیا ہے، ماضی میں ہونے والے انتخابات کے دوران یہ دورانیہ نو گھنٹے رہا کرتا تھا اور پولنگ صبح آٹھ بجے شروع ہو کر شام پانچ بجے ختم ہو جاتی تھی۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 3459 امیدوار قومی اسمبلی کی 272 جنرل نشستوں کے لیے جبکہ 8396 امیدوار چاروں صوبائی اسمبلیوں کی 577 جنرل نشستوں کے لیے انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں