نواز شریف اور مریم نواز کو جیل میں بی کلاس دے دی گئی


اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف اور اُن کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس دے دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق اڈیالہ جیل میں نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ایک ہی کمپاؤنڈ میں رکھا گیا ہے، تینوں کے کمرے الگ الگ ہیں تاہم وہ کمپاؤنڈ میں ملاقات کر سکیں گے۔

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو جیل میں اخبار، ٹی وی، روم کولر اور بیڈ کی سہولت دستیاب ہوگی جب کہ تینوں کے کمروں کے ساتھ اٹیج باتھ بھی موجود ہے اور تینوں کو گھر کے کھانے کی سہولت بھی میسر ہو گی۔

ان کے کمروں کے سامنے لان اور بیڈمنٹن کورٹ بھی موجود ہے جب کہ تینوں کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں رکھا گیا ہے۔

نواز شریف اور مریم نواز کو جمعہ کی شب وطن واپس پہنچنے کے بعد اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا جب کہ کیپٹن صفدر نے چند روز قبل راولپنڈی میں گرفتاری دی تھی۔

احتساب عدالت نے ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر گیارہ سال قید بامشقت، مریم نواز کو آٹھ سال قید بامشقت جب کہ کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔


متعلقہ خبریں