اسلام آباد: سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ آج تحریک انصاف پوری قوم کے سامنے بےنقاب ہو گئی۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے ہم نیوز کے پروگرام “فیصلہ آپ کا” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی موجودہ قیادت نے بانی عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپا ہے۔ پی ٹی آئی کو چاہیے تھا کہ وہ ایوان میں رہ کر ترمیم سے متعلق اپنی رائے پر مبنی ووٹ دیتے۔ اور جتنے بھی ووٹ تھے انہیں چاہیے تھا اپنے آپ کو رجسٹرڈ کراتے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے 243 سے متعلق کوئی تقریر نہیں کی، نہ حق میں نہ خلاف۔ جبکہ چیئرمین سینیٹ نے 59 بار اعلان کیا مگر ان کا کوئی جواب نہیں آیا۔ پی ٹی آئی نے منافقوں کا ریکارڈ توڑ دیا ہے۔ پی ٹی آئی کو چاہیے تھا آپ عوام کو آکر بتاتے کہاں آپ متفق ہیں اور کہاں اختلاف۔
سینیٹر فیصل واوڈا نے کہا کہ اگر مولا جٹ کی سیاست دوبارہ کی تو پھینٹا لگے گا۔ اور اگر پی ٹی آئی دوبارہ وہی سیاست کرے گی تو پارٹی کالعدم اور گورنر راج بھی لگ سکتا ہے۔ انہیں چاہیے بانی کے لیے مثبت بات چیت کر کے راستہ بنائیں۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اچھا کام کیا اور کہا کہ مجھے استثنیٰ نہیں چاہیے۔ پاکستان میں ماضی کو سامنے رکھ کر مستقبل کی پیشگوئی نہیں کی جاسکتی۔ اور پی ٹی آئی کو کہوں گا کہ نوجوان طبقے کو مزید گمراہ مت کریں۔ جبکہ موجودہ قیادت بانی کو مزید گہری دلدل میں پھنسا رہی ہے۔ بانی پر اتنا ظلم نہ کریں کہ ان کے لیے راستے مزید مشکل ہو جائیں۔
فیصل واوڈا نے کہا کہ ترمیم کے دوران پی ٹی آئی نے پورے ایوان میں آج سارا ڈرامہ کیا۔ اور سیف اللہ ابڑو نے استعفیٰ دے کر اچھا کام کیا ہے۔ تبدیلی آنہیں رہی بلکہ تبدیلی آچکی ہے۔ یہ نعرہ کسی اور کا تھا اور عمل پیرا یہاں پر ہو رہا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: صدر مملکت کو تاحیات گرفتاری سے استثیٰ دینے کی شق کثرت رائے سے منظور
انہوں نے کہا کہ اس وقت وزیر اعظم اور آرمی چیف ایک پیج پر ہیں۔ اور ملک کو ہائبرڈ نظام ہی بہتری کی طرف لے کر جا سکتا ہے۔ میں ذاتی حیثیت میں ہائبرڈ جمہوریت کا مداح ہوں۔ مسودے میں جو کچھ تھا اس پر اب بحث کرنے کی ضرورت نہیں۔ اور جو پاس کرنا تھا وہ پاس کروا لیا گیا ہے۔ اب آگے بھی کچھ کرنا ہو گا تو کر لیا جائے گا۔ جو کچھ بھول گئے اور 27ویں میں نہیں ہوا تو وہ 28ویں ترمیم میں کر لیا جائے گا۔
