لاس اینجلس ڈاجرز نے اضافی اننگز میں شاندار واپسی کرتے ہوئے ٹورنٹو بلیو جیز کو 5-4 سے شکست دے کر مسلسل دوسرا بیس بال ورلڈ سیریز چیمپئن شپ ٹائٹل جیت لیا۔
روجرز سینٹر، ٹورنٹو میں کھیلا گیا یہ میچ میجر لیگ بیس بال کی تاریخ کے یادگار ترین فائنلز میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔
میچ کے آخری لمحات میں ڈاجرز نے حیران کن انداز میں فتح حاصل کی۔ 9ویں اننگ میں میگل روخاس کے ہوم رن نے میچ برابر کیا، جب کہ 11ویں اننگ میں وِل اسمتھ نے فیصلہ کن ہوم رن مار کر ٹیم کو سبقت دلائی۔
WON IT ALL. #WORLDSERIES pic.twitter.com/rYb9LEi5Pn
— Los Angeles Dodgers (@Dodgers) November 2, 2025
ایک دن قبل ہی گیم سِکس میں شاندار کارکردگی دکھانے والے جاپانی اسٹار پچر یوشینوبو یاماموتو نے آخری 3 آؤٹس کر کے جیت کو یقینی بنایا اور اپنی شاندار کارکردگی کے بدلے ورلڈ سیریز کے بہترین کھلاڑی (MVP) کا اعزاز حاصل کیا۔
ڈاجرز، 2000 کے بعد لگاتار 2 ورلڈ سیریز جیتنے والی پہلی ٹیم بن گئی ہے۔
ON REPEAT, CHAMPS. #WORLDSERIES pic.twitter.com/doGPeYXpNs
— Los Angeles Dodgers (@Dodgers) November 2, 2025
اس سے قبل نیو یارک یانکیز نے ہیٹ ٹرک کی تھی۔
“وائٹ ہاؤس میں ملاقات ہوگی”
امریکی صدر ڈونلڈ جے ٹرمپ نے لاس اینجلس ڈاجرز کو تاریخی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے ٹیم کو “ناقابلِ یقین چیمپئنز” قرار دیا۔
ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹرُوتھ سوشل پر لکھا کہ “لاس اینجلس ڈاجرز کو مبارکباد — یہ میچ شاندار چیمپئنز نے جیتا! کسی کمزور ٹیم کے لیے ایسا ممکن نہیں تھا، خاص طور پر گیم 6 یا آج کا یہ میچ۔ کتنے ہی اسٹارز نے اسے ممکن بنایا۔ ٹیم کے مالکان کو بھی داد — کیا زبردست کام کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں سب سے ملاقات ہوگی!”
