اسلام آباد، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے تحت پاکستان کسٹمز نے اسمگل شدہ سگریٹس اور غیر قانونی سگریٹ سازی میں استعمال ہونے والا خام مال ضبط کر کے بڑی کامیابی حاصل کر لی۔
ایف بی آر کے مطابق مختلف شہروں میں ہونے والی ان کارروائیوں میں مجموعی طور پر ایک ارب دس کروڑ روپے سے زائد مالیت کا سامان برآمد کیا گیا۔
چیف کلکٹوریٹ آف کسٹمز (انفورسمنٹ) اسلام آباد کی نگرانی میں لاہور، حیدرآباد اور ٹنڈواللہ یار میں متعدد چھاپے مارے گئے۔
وزیراعظم کا ماضی میں سیلز ٹیکس میں کیے گئے فراڈ پر اظہار برہمی، رپورٹ پیش کرنے کا حکم
کارروائیوں کے دوران سگریٹس کی غیرقانونی سپلائی کے نیٹ ورکس پکڑے گئے جبکہ ڈسکہ میں رائس ملوں کی آڑ میں غیر قانونی سگریٹ سازی کا انکشاف ہوا، دو رائس ملوں سے سگریٹ سازی کے خام مال کی بھاری مقدار برآمد کرلی گئی۔
کسٹمز (انفورسمنٹ) حیدرآباد نے تین لاکھ چھیاسی ہزار سے زائد پیکٹس اور ستتر لاکھ سے زائد اسٹکس، درآمد شدہ و جعلی سگریٹس ضبط کیے۔
رواں ماہ کے دوران صرف حیدرآباد میں ساڑھے پانچ کروڑ روپے، جبکہ ٹنڈواللہ یار کے قریب ساڑھے چار سے پانچ کروڑ روپے مالیت کا خام مال پکڑا گیا۔
ایف بی آرکے مطابق اسمگلنگ نیٹ ورکس کے سہولت کاروں، سپلائرزاورفیکٹریوں تک پہنچنے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔
چیئرمین ایف بی آرنے کہا کہ یہ کارروائیاں غیر قانونی تمباکو سپلائی چین کے خاتمے کے لیے ایف بی آر کے عزم کی عکاس ہیں، ایف بی آرٹرانسفارمیشن پلان کے تحت اسمگلنگ، ٹیکس چوری اورغیرقانونی سگریٹ سازی کے خلاف سرگرم عمل ہے۔

