بنوں میں اکرم درانی کے قافلے پر بم حملہ، پانچ افراد جاں بحق


بنوں: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 سے متحدہ مجلس عمل (ایم ایم اے) کے امیدواراکرم درانی بم حملے میں بال بال بچ گئے، حملہ اکرم درانی کے قافلے پراس وقت کیا گیا جب وہ اپنے انتخابی جلسہ سے واپس آ رہے تھے۔

پولیس کے مطابق دھماکے میں پانچ افراد جاں بحق اور 20 سے زیادہ افراد زخمی ہوئے ہیں، جاں بحق افراد میں ایک سیکیورٹی اہلکار بھی شامل ہے۔ اطلاعات کے مطابق اکرم درانی بلٹ پروف گاڑی میں ہونے کے باعث حملے میں محفوظ  رہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکہ تھانہ حوید کی حدود میں ہوا، سیکیورٹی فورسز نے جائے وقوعہ پر پہنچ  کر شواہد اکٹھے کیے اور علاقے میں سرچ آپریشن شروع  کر دیا، متعدد مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے، ریسکیو عملہ امدادی کارروائیوں میں مصروف ہے، 25 زخمیوں کو اسپتال پہنچا دیا گیا ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق اکرم درانی کے ساتھ 15 گاڑیاں تھیں، دھماکے میں ان کے سیکیورٹی اسکواڈ کی گاڑیاں نشانہ بنی ہیں، ابھی تک دھماکے کی نوعیت واضح نہیں ہوئی تاہم پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دھماکہ ریموٹ کنٹرول لگتا ہے، حملے  کے لیے بارودی مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔

این اے 35 سے اکرم درانی کا مقابلہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان سے ہے اور وہ وزیراعلیٰ خیبر پختون خوا بھی رہ چکے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق جس علاقے میں بم حملہ ہوا وہ شمالی وزیرستان کے قریب ہے اور سیکیورٹی کے حوالے سے حساس ترین علاقوں میں شمار ہوتا ہے۔

ریجنل پولیس آفیسر ( آر پی او) بنوں عبدالکریم کے مطابق دھماکے کی جگہ بنوں سے17 کلومیٹر دور اور دھماکے کی جگہ شمالی وزیرستان کے بہت قریب ہے، انہوں نے بتایا کہ جلسے جلوسوں کے لیے مکمل سیکیورٹی فراہم کر رہے ہیں اور اکرم خان درانی کو جلسوں میں کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے خبردار کیا تھا۔

آر پی او بنوں نے بتایا کہ جلسہ حوید کے بازار میں تھا اور اس کی حفاظت پر 40 اہلکار مامور تھے، بم حملے کی جگہ کو حساس قرار دیا گیا تھا جو جلسہ گاہ سے 50 گز آگے تھی، تحقیقات شروع  ہیں اورسرچ آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ شہید ہونے والوں میں کاؤنٹر ٹیرارزم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)  کا ایک اہلکار،  سیکیورٹی گارڈ  اور جے یوآئی کا رکن بھی شامل ہے جبکہ تین پولیس اہلکار زخمی ہوئے۔


متعلقہ خبریں