کسی بھی قسم کی سرحدی خلاف ورزی کا بھرپور اور فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل


راولپنڈی،  فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے جنرل ہیڈکوارٹر میں 17ویں نیشنل ورکشاپ بلوچستان کے شرکاء سے ملاقات کی اور صوبے کی ترقی، عوام کی فلاح اور سلامتی کے اہم نکات پر گفتگو کی۔

فیلڈ مارشل نے بلوچستان کو پاکستان کا فخر قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبہ اپنی باصلاحیت، محب وطن اور پُرعزم عوام کی بدولت ملک کی ترقی میں کلیدی کردارادا کر سکتا ہے۔

انہوں نے عوامی فلاح پر مبنی حکمتِ عملی کے تحت بلوچستان کے سماجی اور معاشی منظرنامے کو بہتر بنانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ صوبے کی بے پناہ معاشی صلاحیت کو عوام کی بہتری کے لیے بروئے کار لانا وقت کی ضرورت ہے۔

فیلڈ مارشل نے سول سوسائٹی خصوصاً نوجوانوں کو بااختیار بنانے کی کوششوں کی تعریف کی اور کہا کہ نوجوان بلوچستان کی پائیدار ترقی میں کلیدی کردارادا کرسکتے ہیں بشرطیکہ وہ ذاتی یا سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر صوبے کی خوشحالی کے لیے کام کریں۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے بھارت کے حمایت یافتہ عناصراوردیگر دہشت گرد گروہوں کے منفی پروپیگنڈے کے بارے میں تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ریاست ان تمام عناصر کے خلاف بھرپورکارروائیاں کر رہی ہے تاکہ بلوچستان کو ان کے شر سے پاک کیا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان خطے میں امن اور استحکام کا خواہاں ہے تاہم اپنی علاقائی سالمیت پر کسی بھی قسم کی خلاف ورزی کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا، فیلڈ مارشل نے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

روس کا پاکستان اور افغانستان کے درمیان جنگ بندی معاہدے کا خیر مقدم

ورکشاپ کا اختتام ایک کھلے اور معلوماتی سوال و جواب کے سیشن پر ہوا، جس میں شرکاء نے فیلڈ مارشل کے ساتھ صوبے کی ترقی اور سیکورٹی سے متعلق امور پر تفصیل سے بات چیت کی۔


متعلقہ خبریں
WhatsApp