راولپنڈی: سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کے داماد اور ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے سابق رکن قومی اسمبلی کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے سات ملزمان کی عبوری ضمانتوں میں 18 جولائی تک توسیع کردی گئی ہے۔
سینیٹر چوہدری تنویر، دانیال چوہدری، حنیف عباسی اور راجہ حنیف سمیت سات ملزمان کی ضمانتوں میں توسیع کا حکم ایڈیشنل سیشن جج نادیہ اکرام ملک نے دیا۔
تمام ملزمان کے خلاف تھانہ نیو ٹاؤن پولیس اور نیب کی جانب سے کارسرکار میں مداخلت سمیت دیگر دفعات کے تحت چار مقدمات درج ہیں۔
بدھ کے روز ایڈیشنل اینڈ سیشن جج نادیہ اکرام نے 36 لیگی کارکنان کی ضمانت منظور کر کے انہیں اڈیالہ جیل سے رہا کرنے کا حکم بھی دیا تھا، لیگی کارکنوں کو کیپٹن (ر) محمد صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے کے جرم میں عدالت کے حکم پر بدھ کی صبح ہی اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا تھا۔