ملک بھر میں بارشیں شروع، اتوار تک جاری رہیں گی


اسلام آباد: ملک بھر میں مون سون شروع ہوگیا ہے اور اسلام آباد، راولپنڈی سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں وقفے  وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بحیرہ عرب اور خلیج  بنگال سے مون سون ہوائیں ملک میں داخل ہوگئی ہیں جن کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، سرگودھا، لاہور، فیصل آباد ڈویژن سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع  میں گرج چمک کے ساتھ  بارش کا امکان ہے۔

سندھ اور شمالی بلوچستان کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے جب کہ کشمیر کے بعض علاقوں اور مالاکنڈ سمیت بالائی علاقوں میں جمعہ سے موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

لاہور میں دوسرے روز بھی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں اور بارش کا امکان ہے، متوقع بارش کے پیش نظر لاہور میں انتظامیہ اور واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی (واسا)  کو نکاسی آب کے انتظامات کے لیے پہلے ہی الرٹ کر دیا گیا ہے۔

بدھ کو ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم  گرم اور مرطوب رہا تاہم  گوجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ ڈویژن اور کشمیر کے چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرچ چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔

کشمیر کے علاقوں گڑھی دوپٹہ میں 65 ملی میٹر، مظفر آباد 34 ملی میٹر، راولاکوٹ 17 ملی میٹر، کوٹلی 15 ملی میٹر، سیالکوٹ 68 ملی میٹر، مری 59 ملی میٹر، گجرات سات ملی میٹر، مالم جبہ آٹھ ملی میٹر اور دیر میں چار ملی میٹر بارش ہوئی۔

بدھ کو سب سے زیادہ گرمی سبی اور نوکنڈی میں پڑی، سبی کا درجہ حرارت 47 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ نوکنڈی کا 46 ڈگری سینٹی گریڈ  ریکارڈ کیا گیا۔


متعلقہ خبریں