العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت آج ہو گی

العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت آج ہو گی | urduhumnews.wpengine.com

اسلام آباد: سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت آج احتساب عدالت میں ہو گی۔

احتساب عدالت کے جج محمد بشیر ریفرنس کی سماعت  کریں گے، نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث پانامہ کیس کی جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیا پر جرح  جاری رکھیں گے۔

گذشتہ سماعت پر وکیل خواجہ حارث نے جج محمد بشیر پر اعتراض اٹھایا تھا کہ آپ ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ دے چکے ہیں اس لیے یہ کیس نہ سنیں، جج محمد بشیر نے خواجہ حارث کے اس اعتراض کو سپریم کورٹ کے نام لکھے جانے والے اس خط میں بھی اٹھایا تھا جس میں شریف فیملی کے خلاف ریفرنسز کی سماعت کی مدت میں توسیع کی درخواست کی گئی تھی۔

خواجہ حارث نے خود بھی اس درخواست کی سماعت کے وقت اپنے دلائل میں جج محمد بشیر کو ریفرنسز کی سماعت سے روکنے کی استدعا کی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اسے مسترد کر دیا تھا۔

سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس، فلیگ شپ ریفرنسز اور اسحاق ڈار اثاثہ جات ریفرنس نمٹانے کے لیے احتساب عدالت کو مزید چھ ہفتوں کا وقت دیا تھا۔

عدالت نے ان ریفرنسز میں چیئرمین نیب، ایس ای سی پی اور چیئرمین ایف بی آر کو نوٹسز جاری کر رکھے ہیں۔


متعلقہ خبریں