جو ہونے والا ہے اسے جمہوری انداز سے روکیں گے ، آصف علی زرداری

Asif Ali Zardari

اسلام آباد: سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری نے اپنے اوپرلگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ نوٹس ڈیڑھ کروڑ کا آیا اور ڈھول 40 ارب کا بجایا جارہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاست دان کبھی سیاسی موت نہیں مرتا۔

پی پی پی کے شریک چیئرمین نے نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ احتساب الیکشن سے پہلے یا الیکشن کے بعد ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ  یہ الیکشن کا وقت ہے احتساب کا نہیں۔

انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی غیر جمہوری طاقت کے ساتھ نہیں ہے اور جوبھی ہونے والا ہے اسے جمہوری انداز سے روکیں گے۔ معنی خیز انداز میں انہوں نے کہا کہ کچھ تو ہے جس کی پردہ داری ہے۔

آصف علی زرداری نے کہا کہ میں نے پہلے بھی ایسے کیسز کا سامنا کیا اب بھی کروں گا۔ ماضی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے استفسار کیا کہ  کون سا ایسا مقدمہ ہے جو مجھ  پر درج نہیں کیا گیا؟

انہوں نے دعویٰ کیا کہ تفتیش کے دوران میری ٹانگوں پر بم باندھ دیا گیا لیکن میرے خلاف کچھ ثابت نہیں ہوا۔

پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا  کہ ہم الیکشن کا بائیکاٹ نہیں کر رہے ہیں اور واضح کیا کہ بائیکاٹ کرکےکسی کو موقع نہیں دیں گے۔انہوں نے واضح کیا کہ الیکشن کا بائیکاٹ مسئلے کا حل نہیں ہے۔

سابق صدر پاکستان نے دعویٰ کیا کہ جس نے بھی حکومت بنانی ہے اسے پیپلزپارٹی سے بات کرنا ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت چلانے کےلیے اپوزیشن کی ضرورت ہوتی ہے۔

ایک سوال پر پی پی پی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ نوازشریف کی سیاست کا انحصار حالات پر ہے اور حالات بتائیں گے کہ نوازشریف کی سیاست کا کیا بنتا ہے؟

سابق صدر پاکستان آصف علی زرداری  نے واضح کیا کہ سابق صوبائی وزیر شرجیل میمن سندھ حکومت کے وزیر تھے میرے دوست نہیں۔


متعلقہ خبریں