لاہور: قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 126 سے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے امیدوار میاں منیر پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار بیرسٹرحماد اظہر کے حق میں دستبردار ہوگئے ہیں۔
لاہور میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے ہمراہ پريس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مياں منیر نے کہا کہ قیادت سے مشاورت کے بعد دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔
انہوں نے اعلان کیا کہ این اے 126 میں ق لیگ کے کارکنان اور حامی 25 جولائی 2018 کو ہونے والے عام انتخابات میں بیرسٹر حماد اظہر کوووٹ ڈالیں گے۔
’ہم نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے میاں منیر نے بتایا کہ اعلیٰ قیادت نے اس ضمن میں مکمل مشاورت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری قیادت نے انتخابی سیاست کے تحت ہونے والی سیٹ ایڈ جسٹمنٹ کی بنا پر مجھے انتخابات سے دستبردار ہونے کا کہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر چوہدری سرور نے ذرائع ابلاغ (میڈیا) سے بات چیت کے دوران دعویٰ کیا کہ پنجاب، خیبر پختونخوا اور مرکز میں ان کی پارٹی حکومت بنائے گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے 22 سال پہلے جو خواب دیکھا تھا وہ مکمل ہوتا نظر آرہا ہے۔
پنجاب اسمبلی میں سابق قائد حزب اختلاف مياں محمود الرشيد نے کہا کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کی پيداوار نہيں ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نواز شريف نے کوئی بھی اليکشن اسٹیبلشمنٹ کے بغير نہيں لڑا۔