بورے والا: پنجاب کے ضلع وہاڑی کی تحصیل بورے والا میں پاکستان تحریک انصاف کے کارکن پنڈال میں دیر سے پہنچے تو چیئرمین عمران خان نے شکوہ کرتے ہوئے کہا کہ اب موسم ٹھنڈا ہوا ہے تو لوگ آرہے ہیں، لگتا آپ کا اسٹیمنا نہیں ہے، لوگ گرمی نہیں سہہ سکتے میں مقررہ وقت پر پہنچ گیا لیکن آپ نہیں آئے۔
جلسے کے موقع پر عمران خان کے لیے بنایا گیا اسٹیج ٹوٹ گیا جس سے ایک شخص زخمی بھی ہوا۔
خطاب کے دوران عمران خان نے کہا کہ کبھی کبھی اللہ قوم کو موقع دیتا ہے تقدیر بدلنے کا، دو ہفتے بعد پتہ نہیں اللہ کو کیا منظور ہے لیکن میرادل کہہ رہا ہے کہ تبدیلی کا انقلاب آنے والا ہے اور 25 جولائی کے بعد نیا دور، نیا پاکستان نظر آرہا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ پہلے دونوں جماعتوں نے باریاں لگائی ہوئی تھیں ایک جماعت لوٹتی تھی پھر دوسری آ جاتی تھی آج تحریک انصاف میدان میں نہ ہوتی تو یہ پھر آجاتے، کبھی زرداری، کبھی مجھے کیوں نکالا، اب دونوں کمزور ہیں تو بچے تیار ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ بے بی بلاول نے زندگی میں کوئی نوکری نہیں کی ایک گھنٹہ کام نہیں کیا لیکن ملک سنبھالنے آگیا ہے، دوسری طرف بی بی مریم ہیں جو کہتی میری پاکستان اور لندن میں کوئی پراپرٹی نہیں، جو اتنے سیدھے منہ سے جھوٹ بولے وہ وزیر اعظم بنے کو تیار ہے، پہلے والدین لوٹتے ہیں پھر بچے آ جاتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز نواز شریف کی سزا پر خوشیاں منا رہے ہیں۔ حمزہ شہباز اور شہباز شریف وزیراعظم بننا چاہتے ہیں اور دونوں دل میں میرا شکریہ ادا کررہے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھا وہ قوم اوپر جاتی ہے جہاں قانون کی بالادستی ہوتی ہے قانون کی بالادستی کے بغیر قوم آگے نہیں بڑھ سکتی۔
عمران خان نے کہا کہ جب نوجوان باہر نوکریاں کرنے جاتے ہیں تو آپ دیکھیں وہ کہاں پہنچ جاتے ہیں، دوسرے ملک میں پیسے نہیں بانٹے جاتے وہاں کی گورنمنٹ لوگوں کا خیال رکھتی ہے۔ وہ لوگ امیروں سے ٹیکس لے کر غریبوں کو اوپر لے کر جاتے ہیں۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ مزدوروں کے لیے ایک نیا نظام لائیں گے ان کی حفاظت کریں گے اور پیسہ بنانے کا موقع دیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمار مزدور بیچارا پسا ہوا ہے کبھی ان کے پاس پیسہ نہیں ہوتا کہ زندگی بہتر کرسکیں۔
عمران خان نے بورے والا کی عوام سے وعدہ کیا کہ کسانوں اور غریبوں کی مدد کریں گے، کسانوں کے لیے ریسرچ سینٹر بنائیں گے اور انہیں نئے بیج دیں گے۔