واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کو بار بار تنقید کے بعد اچانک دوست قرار دے دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مودی ہمیشہ میرے دوست رہیں گے۔ کیونکہ بھارت اور امریکہ کا ایک خاص رشتہ ہے۔ اس لیے گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں۔
دوسری جانب بھارتی وزیر اعظم نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر کہا کہ وہ ٹرمپ کے جذبات اور تعلقات کے مثبت انداز کو سراہتے ہیں۔ بھارت اور امریکہ کے درمیان انتہائی مثبت اور مستقبل کی جانب دیکھنے والی اسٹریٹجک شراکت داری ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند ماہ سے امریکہ اور بھارت کے درمیان ٹیرف کی وجہ سے کشیدگی دیکھی جا رہی تھی۔ اور امریکہ نے بھارتی درآمدات پر 50 فیصد ٹیرف بھی عائد کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت ایک یا دو ماہ میں امریکہ سے معافی مانگے گا، امریکی عہدیدار کا دعویٰ
امریکی صدر نے بھارت پر روس سے سستا تیل خریدنے کا الزام بھی عائد کیا تھا۔ اور ڈونلڈ ٹرمپ نے بھارت کا دورہ بھی منسوخ کر دیا تھا۔
بھارت نے تجارتی اور سفارتی تناؤ کے باوجود چین اور روس کے ساتھ اپنے تعلقات بہتر کرنے کی کوششیں شروع کیں۔ تجزیہ کار اس تبدیلی کو بھارت کی اسٹریٹجک خودمختاری قرار دے رہے ہیں۔
