پشاور: سانحہ یکہ توت کے بعد خیبرپختونخوا میں انتخابی سکیورٹی پلان ازسرنو ترتیب دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق خیبرپختونخوا میں انتخابی امیدواروں کے لیے سیکیورٹی اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجرز (ایس او پیز) دوبارہ جاری کر دیے گئے ہیں، آئندہ کارنر میٹنگز کی پیشگی اطلاع مقامی پولیس کو دینا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
اسی طرح تمام ریجنل پولیس آفیسرز (آر پی اوز) اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز (ڈی پی اوز) کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ پیشگی اطلاع ملنے پر سیکیورٹی فراہم کریں، اضلاع کی سطح پر پولیس حکام اورامیدواروں کا اجلاس دوبارہ منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سینٹرل پولیس آفس خیبرپختونخوا سے تمام ضلعی پولیس کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔
انتخابی سکیورٹی پلان از سرنو ترتیب دینے کا فیصلہ منگل اور بدھ کی درمیانی شب پشاور کے علاقے یکہ توت میں عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کی کارنر میٹنگ کے دوران ہونے والے دھماکے کے باعث کیا گیا ہے جس میں اے این پی کے صوبائی سیکرٹری اطلاعات اور خیبرپختونخوا اسمبلی کے حلقہ پی کے 78 کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے تھے۔