اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سی پیک فیز 2 میں اسمارٹ اسٹیز، زرعی صنعت میں تعاون اور نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی انڈسٹری پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
وزیر اعظم شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ تیانجن کے اسٹینڈنگ ممبر نے ملاقات کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان اور چین (China) کی دوستی دنیا بھر میں نمایاں اور منفرد مقام رکھتی ہے۔ جبکہ چین اور پاکستان ہر مشکل میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اقتصادی اور سماجی ترقی میں چین نے انتہائی اہم کردار ادا کیا۔ اور سی پپک نے پاکستان میں توانائی کے شعبے کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔
سی پیک (CPEC) فیز 2 سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سی پیک فیز 2 میں اسمارٹ اسٹیز، زرعی صنعت میں تعاون پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔ اور نیکسٹ جنریشن ٹیکنالوجی انڈسٹری پر بھی توجہ مرکوز کی جائے گی۔
شہباز شریف نے کہا کہ چینی صدر کی زیر قیادت تیانجن کی ترقی دیکھ کر انتہائی خوشی ہوئی ہے۔ تیانجن بنہائی نیو ایریا اور پاکستان (Pakistan) کے درمیان تجارت بڑھانے کے خواہاں ہیں۔ جبکہ پاکستان اور چین کے تیانجن پورٹ کے درمیان تعاون اور تجارت کو وسعت دینا چاہتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تیانجن بنہائی نیو ایریا کی مہارت سے فائدہ اٹھانا چاہتے ہیں۔ اور پاکستان میں خصوصی اقتصادی زونز کے قیام کے حوالے سے چینی کمپنیوں کو خوش آمدید (Welcome) کہتے ہیں۔ حکومت پاکستان نے پچھلے ڈیڑھ سال میں معاشی اصلاحات میں نمایاں سنگ میل عبور کیے۔
یہ بھی پڑھیں: جعفر ایکسپریس ، خضدار میں اسکول بس پر حملے ، پہلگام واقعہ قابل مذمت ہے ، شنگھائی تعاون تنظیم کا اعلامیہ
وزیراعظم نے تیانجن سے صنعتی واقتصادی شعبے سے وابستہ نمایاں افراد کے وفد کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
شہباز شریف کو تیانجن بنہائی نیو ایریا کے پارٹی سیکرٹری نے بریفنگ دی۔ جس میں کہا گیا کہ پاکستان اور تیانجن کے درمیان کھاد، فارماسیوٹیکل، ٹائرز، معدنیات اور فشریز کی تجارت ہوتی ہے۔
بریفنگ میں کہا گیا کہ تیانجن بنہائی نیو ایریا پاکستان کے ساتھ تجارت (Trade) خصوصاً ای-کامرس کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔ اور تیانجن بنہائی نیو ایریا کے کاروباروں اور صنعتوں کو پاکستان تک پھیلانے پر توجہ مرکوز کی جائے گی۔
