ایفی ڈرین کوٹہ کیس کا فیصلہ پانچ روز میں سنانے کا حکم


راولپنڈی: لاہور ہائیکورٹ نے مسلم لیگ نون کے رہنما حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کوٹہ کیس کا فیصلہ پانچ روز میں سنانے کا حکم دے دیا۔

لاہور ہائیکورٹ راولپنڈی بینچ  کے جسٹس عبادالرحمان نے حنیف عباسی کے خلاف ایفی ڈرین کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ ایفی ڈرین کیس کی سماعت پانچ  روز میں مکمل کرکے فیصلہ سنایا جائے۔

بینچ نے حکم دیا کہ عدالت 16 جولائی سے روزانہ کی بنیاد پر کیس کی سماعت کرے اور 21 جولائی کو فیصلہ سنائے۔

حنیف عباسی کے خلاف شاہد  اورکزئی نے عدالت میں درخواست دائر کی تھی کہ کیس کی سماعت کو جلد از جلد مکمل کیا جائے۔

ایفی ڈرین کیس 

حنیف عباسی پر ایفی ڈرین کوٹے کے غلط  استعمال اور اختیارات کا ناجائز فائدہ  اٹھانے کا الزام ہے، ممنوعہ کیمیائی مادہ ایفی ڈرین کی پانچ سو کلو گرام مقدار حاصل کرنے کے الزام پر سیکیورٹی اداروں نے حنیف عباسی سے تفتیش بھی کی تھی۔

اینٹی نارکوٹکس فورس ( اے این ایف ) کی جانب سے جاری کردہ دستاویزات جمع  کرانے کے بعد  لاہور ہائی کورٹ نے نومبر 2012 میں حنیف عباسی کی درخواست ضمانت منظور کر لی تھی۔

29 اکتوبر 2014 کو مسلم لیگ نون کے رہنما حنیف عباسی سمیت دس ملزمان پر ایفی ڈرین کوٹہ کیس میں فرد جرم عائد کی گئی تھی۔

فرد جرم عائد کیے جانے پر حنیف عباسی سمیت تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا تھا جبکہ حنیف عباسی نے مؤقف اختیار کیا  تھا کہ ان کے خلاف جھوٹا مقدمہ قائم کیا گیا ہے۔


متعلقہ خبریں