ملتان: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اپنے شیڈول کے مطابق ملتان میں انتخابی مہم چلائیں گے اور ملتان میں ان کے جتنے پروگرامز ہیں وہ طے شدہ وقت کے مطابق ہوں گے۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ بلاول بھٹو ملتان میں مختلف مقامات پر استقبالی اور انتخابی اجتماعات سے خطاب کریں گے اور ملتان کے عوام کے سامنے اپنا ترقی پسند اورعوام دوست منشور رکھیں گے۔
ترجمان بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ چیئرمین بلاول زرداری اپنا ملتان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آج شام لاہور روانہ ہو جائیں گے۔
سینیٹر مصطفیٰ نواز کھوکھر کا بیان ان خبروں کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کا نام منی لانڈرنگ کے معاملات میں آنے کے بعد اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا گیا ہے اور اب وہ بیرون ملک نہیں جا سکیں گے۔
خبروں میں کہا گیا تھا کہ ان معاملات پر غور کے لیے پیپلز پارٹی نے پیر کی شام بلاول ہاؤس لاہور میں اعلیٰ سطح کا ایک اجلاس طلب کر لیا ہے جس میں تمام قائدین کو شرکت کے لیے کہا گیا ہے اور بلاول بھٹو زرداری اپنا دورہ مختصر کرکے لاہور پہنچ رہے ہیں۔