زرداری اور فریال کے بیرون ملک جانے پر پابندی

فوٹو: فائل


اسلام آباد: سپریم کورٹ پاکستان کے احکامات پر وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے سابق صدر آصف علی زرداری اور ان کی ہمشیرہ فریال تالپور کا نام اسٹاپ لسٹ میں ڈال دیا ہے۔

ایف آئی اے ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری اور فریال تالپور کے ملک سے باہر جانے پر پابندی لگا دی گئی ہے، ان کے علاوہ طہٰ رضا، اسلم رضا اور عدیل راشدی کو بھی باہر جانے سے روک دیا گیا ہے۔

ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے نے جعلی اکاﺅنٹس کیس میں سپریم کورٹ کے احکامات کے تحت ان تمام افراد کا نام اسٹاپ لسٹ میں شامل کر دیا ہے۔

عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس رکھنے والے سات افراد اور ان اکاؤنٹس سے فائدہ اٹھانے والے 13 افراد کو 12 جولائی کو طلب کرلیا ہے، طلب کیے گئے افراد میں آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور بھی شامل ہیں۔

آصف علی زرداری اور ان کی بہن فریال تالپور کے منی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کا انکشاف معروف بینکار حسین لوائی سے تحقیقات کے نتیجے میں ہوا تھا جنہیں چند روز قبل ایف آئی اے نے گرفتار کیا تھا۔

حسین لوائی کے خلاف تحقیقات 2014 میں شروع ہوئیں، یہ تحقیقات ایف آئی اے اسٹیٹ بینک سرکل نے کیں، چار سالہ تحقیقات میں آصف زرداری کے قریبی ساتھی مجید انور ملوث نکلے، مزید تحقیقات کے بعد آصف زرداری اور فریال تالپور کا نام بھی سامنے آ گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف آئی اے کسی بھی وقت ملزمان کے وارنٹ گرفتاری کے لیے درخواست دے سکتی ہے۔

دوسری طرف سیکرٹری داخلہ کا کہنا ہے کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو بیرون ملک جانے سے روکنے کے لیے کوئی احکامات جاری نہیں کیے، عدالتی احکامات موصول ہونے پر معاملے کو دیکھیں گے۔


متعلقہ خبریں