لاہور کے دو گھرانوں کے سات افراد ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر


لاہور: قسمت کی مہربانی کہیں یا مریم نواز کی  نااہلی، لاہور کے دو ن لیگی گھرانوں کو پارٹی کی سات ٹکٹیں مل گئیں۔ لاہورکے پرویزملک خاندان کے تین ارکان اور کھوکھر فیملی کے چار ارکان مسلم لیگ ن کے ٹکٹ پرانتخابی میدان میں ہیں۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں مریم نواز کو سزا ہوئی تووہ الیکشن  کی دوڑ سےبھی باہر ہوگئیں، ان کی نااہلی سے لاہورکی قومی اسمبلی کی سیٹ این اے 127 اور صوبائی نشست پی پی 173خالی ہوگئیں۔

این اے127 سے مریم نواز کی جگہ  ان کےکورنگ امیدوار علی پرویز ملک ن لیگی امیدوارہوں گے، وہ ن لیگ لاہور کے صدر پرویزملک کے بیٹنے ہیں۔ پرویزملک خود بھی این اے 133 سے لیگی ٹکٹ پرمیدان میں ہیں، جب کہ ان کی اہلیہ شائستہ پرویز قومی اسمبلی کے لیے خواتین کی مخصوص سیٹ پرنامزد ہیں۔

لاہور کےصوبائی حلقہ پی پی173 سے مریم نوازکی جگہ ان کے کورنگ امیدوار عرفان شفیع کھوکھر ہیں، جو ملک افضل کھوکھر اور ملک سیف کھوکھر کے بھتیجے ہیں۔

این اے 136سے ملک افضل کھوکھر، این اے 135سے ملک سیف کھوکھر ن لیگ کی  طرف سے قومی اسمبلی کے لیے امیدوارہیں، جب کہ پی پی 161 سے اسی سیاسی خاندان کےفیصل ایوب کھوکھر بھی انتتخاب لڑرہے ہیں۔ اس طرح کھوکھرفیملی کے دو ارکان قومی اسمبلی اور دو پنجاب اسمبلی کے لیے لیگی ٹکٹ ہولڈر ہیں۔

 


متعلقہ خبریں