انتخابات کے لیے سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے جائیں، حسن عسکری


لاہور: نگراں وزیراعلی پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ صوبے بھر میں عام انتخابات کے دوران سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مجموعی طور پر دو لاکھ 59 ہزار سے زائد پولیس افسر اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

وزیراعلی آفس میں اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 141 قومی اور297 صوبائی نشستوں پر انتخابات کے لئے 47473 پولنگ سٹیشنز قائم کئے گئے ہیں، اہم سیاسی لیڈروں کو فول پروف سکیورٹی دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ انتخابی امیدواروں کی حفاظت کا بھی پورا انتظام کیا جائے گا۔

نگراں وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ پنجاب بھر میں انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے اور خلاف ورزی پر انتظامیہ کو بلاامتیاز کارروائی کا حکم دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مون سون کے دوران ممکنہ سیلاب کے اندیشے کے پیش نظر انتظامات اور تیاریوں میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے، بارشوں کے دوران ریلیف اور ریسکیو آپریشن کے لئے متعلقہ محکمے خود کو اپ ڈیٹ رکھیں، سیلاب کی صورتحال پر نظر رکھنے کے لئے مرکزی کنٹرول روم قائم کر د یا گیا ہے جو چوبیس گھنٹے کام کر رہا ہے۔

تین گھنٹے تک جاری رہنے والے اجلاس میں عام انتخابات کی تیاریوں، ممکنہ سیلاب اور ڈینگی اور پولیو سے بچاؤ کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔


متعلقہ خبریں