لاہور: وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ اپنی خودمختاری کے دفاع کے لیے ہم ہر حد تک جائیں گے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ نے بین الاقوامی و مقامی میڈیا کے ہمراہ لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا۔ وزارت اطلاعات نے مقامی اور عالمی میڈیا کے نمائندگان کے دورہ میں سہولت فراہم کی۔ دورے کا مقصد بھارت کی جانب سے پھیلائے گئے جھوٹے اور بے بنیاد پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنا تھا۔
بھارتی پروپیگنڈے کو بے نقاب کرنے کے لیے زمینی حقائق میڈیا کے سامنے پیش کیے گئے۔ اور میڈیا کے نمائندوں کو ان مخصوص مقامات پر لے جایا گیا جنہیں بھارت کی جانب سے مبینہ دہشت گردی کے ٹھکانے قرار دیا گیا تھا۔ زمینی حقائق، مقامی آبادی کی گواہی اور حالات کا خود مشاہدہ کر کے میڈیا نے ان بھارتی دعوئوں کی حقیقت جاننے کا موقع حاصل کیا۔
اس موقع پر عطا اللہ تارڑ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی جانب سے بارہا پاکستان کے خلاف بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔ تاہم آج ہم نے عالمی اور ملکی میڈیا کے سامنے تمام حقائق رکھ دیئے ہیں۔ اور جو مقامات بھارت خیالی دہشت گرد کیمپس قرار دیتا رہا ہے۔ وہ دراصل عام شہری آبادی کے علاقے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے۔ جو نہ صرف علاقائی بلکہ عالمی امن کے لئے بھی پرعزم ہے۔ اور پاکستان دنیا کے کسی بھی حصے میں دہشت گردی یا دہشت گردانہ سرگرمیوں کی مذمت کرتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان پُر امن ملک ،جارحیت مسلط کی جاتی ہے تو دشمن کومنہ توڑجواب دینے کیلئے تیار ہیں،ترجمان پاک فوج
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ ہم نے اپنے عمل سے بارہا ثابت کیا کہ ہم امن کے داعی ہیں۔ لیکن اپنی خودمختاری کے دفاع کے لئے ہم ہر حد تک جائیں گے۔ بھارت کو الزام تراشی سے پہلے اپنے زیر قبضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لینا چاہیئے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی داخلی ناکامیوں کو چھپانے کے لیے لائن آف کنٹرول پر پروپیگنڈا کرتا ہے۔ لیکن آج عالمی میڈیا نے خود اپنی آنکھوں سے اصل حقیقت دیکھ لی ہے۔ پاکستان نے ایک بار پھر دنیا کے سامنے واضح کیا ہے کہ وہ علاقائی امن کے لیے پرعزم ہے۔ تاہم کسی بھی بھارتی جارحیت کا فوری اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
