اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر فیصل جاوید نے ’سیاسی‘ خوابوں کی ہیٹ ٹرک کرلی۔
پی ٹی آئی کے رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا ہے کہ پہلے خواب دیکھا تھا کہ پانامہ میں نواز شریف کو سزا ہورہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ خواب دیکھا کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان وزیراعظم کا حلف اٹھارہے ہیں۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ اب خواب دیکھا ہے کہ ہرانتخابی نتیجہ (رزلٹ) پی ٹی آئی کے جیتنے کا آرہا ہے۔
سیاسی ’خوابوں‘ کے حوالے سے پاکستان پیپلزپارٹی کے سابق وزیر منظور وسان ملک گیر شہرت کے حامل ہیں۔ وہ اکثرذرائع ابلاغ سے بات چیت میں اپنے سیاسی ’خواب‘ بتاتے ہیں جن میں سے کچھ صحیح اورکچھ غلط ثابت ہوجاتے ہیں۔
سیاسی مبصرین کے مطابق بنیادی طور پر سیاسی ’خواب‘ اطلاعات اورسیاسی تجزیات پر مبنی ہوتے ہیں جن کے درست ہونے کا دارومدارحالات و واقعات پر ہوتا ہے۔ ماضی میں سیاستدان سیاسی ’پیشن گوئیاں‘ کرتے تھے۔
سیاسی پیشن گوئیوں میں فنکشنل مسلم لیگ کے موجودہ سربراہ پیرصاحب پگارا کے مرحوم والد کو خصوصی ملکہ حاصل تھا۔ سیاسی پیشن گوئیوں میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی رہنما حافظ حسین احمد بھی انتہائی اہمیت کے حامل گردانے جاتے تھے۔
گزشتہ ایک دیہائی کے دوران ملک میں عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد کی سیاسی پیشن گوئیاں بھی خاصی اہمیت کی حامل سمجھی گئی ہیں۔