اسلام آباد: پاکستان کے قومی خلائی تحقیقی ادارے (اسپارکو) نے خیبر پختونخوا میں بلین ٹری سونامی منصوبے پر اپنی تحقیقاتی رپورٹ جاری کرتے ہوئے اس کی تعریف کی ہے۔
اسپارکو نے رپورٹ میں کہا ہے کہ بلین ٹری سونامی منصوبے کے تحت لگائے گئے نئے پودوں میں کامیابی سے نمو پانے کی شرح 88 فیصد ہے جبکہ پہلے سے موجود پودوں کے تحفظ کی شرح 78 فیصد ہے۔
رپورٹ کے مطابق 13 ارب روپے سے یہ ملکی تاریخ کی سب سے بڑی شجرکاری مہم تھی۔
اسپارکو پہلا وفاقی ادارہ ہے جس نے آزادانہ طور پر منصوبے کی جانچ پڑتال کی اور نئے لگائے گئے درختوں اور تباہی سے بچائے جانے والے جنگلات کا معائنہ کیا۔
اسپارکو کی جانب سے جاری کی جانے والی رپورٹ پر پاکستان تحریک انصاف کے رہنما افتخار درانی نے کہا ہے کہ بلین ٹری منصوبہ آئندہ نسلوں کے لیے عمران خان کے وژن کا بہترین عکاس ہے۔
انہوں نے کہا کہ مہم کے ذریعے سوا ارب سے زائد درخت لگائے گئے، منصوبے کا ابتدائی تخمینہ 22 ارب روپے لگایا گیا تھا، 13 ارب میں منصوبہ مکمل کرنا خیبرپختونخوا حکومت کا شاندار کارنامہ ہے۔