نواز شریف کی برطانیہ میں سیاسی پناہ کا علم نہیں، دفتر خارجہ

فوٹو: فائل


اسلام آباد: دفترخارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ برطانیہ میں سیاسی پناہ  کے لیے نوازشریف کی  کسی درخواست کے بارے میں دفترخارجہ کو علم نہیں۔

اسلام آباد میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان افغانستان میں امن کا خواہاں ہے اور طالبان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کرتا ہے، طالبان کو مذاکرات کی  میز پر لانا صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں، افغانستان کے مسئلے کے تمام فریقوں کو قیام امن کے لیے مشترکہ اقدامات کرنا ہوں گے۔

ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان صدر اشرف غنی کے امن اقدامات کی حمایت کرتا ہے، پاکستان اور روس کے درمیان دروژبا (دوستی) کے نام سے مشترکہ فوجی مشقیں رواں سال اکتوبر میں روس میں ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ فلسطین اور کشمیر جیسے تنازعات پر نہ صرف اقوام متحدہ بلکہ عالمی برادری کو بھی خاموشی توڑنے کی ضرورت ہے،  پاکستان سارک کانفرنس کے انعقاد کے لیے  پوری طرح تیار ہے لیکن بھارت اس سلسلے میں مسلسل رکاوٹیں ڈال رہا ہے۔


متعلقہ خبریں