انتخابات کے پہلے مرحلے کا آغاز، پوسٹل بیلٹس کی تقسیم شروع


فیصل آباد: عام انتخابات 2018 کے پہلے مرحلے کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ہے اور بذریعہ ڈاک ووٹ ڈالنے کے لیے  ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران کی جانب سے ریٹرننگ افسران کو بیلٹ پیپرز کی تقسیم کا عمل شروع  کر دیا گیا ہے۔

فیصل آباد میں قومی اسمبلی کے ایک حلقے کے لیے تین ہزار جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقے کے لیے 15 سو پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری کیے گئے ہیں۔

فیصل آباد میں قومی اور صوبائی اسمبلی کے تمام 31 حلقوں کے لیے 61 ہزار 65 پوسٹل بیلٹ پیپرز فراہم کیے گئے ہیں۔

الیکشن کمیشن کی جانب  سے جاری کردہ  شیڈول کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے درخواستیں ریٹرننگ  افسران کو پانچ  سے دس جولائی تک جمع کرائی جا سکتی ہیں جبکہ خاندان سمیت کسی دوسری جگہ تعینات سرکاری افسر پانچ جولائی تک درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔

اسی طرح معذور افراد بھی پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے پانچ جولائی تک درخواست دے سکتے ہیں جبکہ جیلوں میں قید اور زیرحراست افراد بھی پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے درخواست دے سکتے ہیں۔

انتخابی عملہ، پولیس اور مسلح افواج دس جولائی تک پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے درخواست دے سکیں گے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق پوسٹل بیلٹ پیپرز کے لیے دی گئی درخواستوں کی تصدیق کے بعد پوسٹل بیلٹ پیپرز درخواست دہندہ کو ارسال کر دیے جائیں گے جبکہ ریٹرننگ افسر پوسٹل بیلٹ پیپرز کی تفصیلات 22 جولائی تک الیکشن کمیشن کو مہیا کریں گے۔

عام انتخابات کے لیے پوسٹل بیلٹ پیپرز الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 93 کے تحت جاری کیے جا رہے ہیں۔


متعلقہ خبریں